رسائی کے لنکس

کترینہ کیف بھی قرنطینہ میں چلی گئیں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے اور بالی وڈ کی ایک اور اسٹار کترینہ کیف بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔

بالی وڈ فلم اسٹار کترینہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں بتایا کہ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کر لیا ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق تمام حفاظتی تدابیر پر عمل کر رہی ہیں۔

انہوں نے اپنے رابطے میں آنے والوں سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرائیں۔

حالیہ دنوں میں بالی وڈ کے کئی اداکار کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز وکی کوشل اور ان کی زیرِ تکمیل فلم ’مسٹر لے لی‘ میں کام کرنے والی فن کارہ بھومی پڈنیکر بھی انسٹاگرام پر اپنا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کر چکے ہیں۔

دو روز قبل بالی وڈ سپر اسٹار اکشے کمار اور ہفتے کو ادکارہ عالیہ بھٹ بھی کرونا وبا کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔

جواد احمد دوسری بار وبا سے متاثر

دوسری جانب پاکستان کے معروف گلو کار اور سیاست دان جواد احمد نے دوبارہ کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔

جواد احمد نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ انہیں دوبارہ کرونا ہو گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ استطاعت رکھتے ہیں کہ بیماری بگڑنے پر مہنگا علاج کروا سکیں۔ دنیا میں غربت، بے بسی، محرومی دیکھتے ہیں تو جینے کا مزا نہیں آتا۔

ان کے بقول جنت میں جانے سے قبل اس دنیا کو بدلنا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ جواد احمد اس سے قبل نومبر 2020 میں کرونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG