رسائی کے لنکس

مادام تساؤ میوزیم کی نئی زینت: کترینہ کیف


مادام تساؤ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کترینہ کیف کا انتخاب شائقین فلم کے بھاری ووٹوں کے ذریعے کیا گیا ہے۔

بالی وڈ کی صف اول کی اداکارہ کترینہ کیف کا مومی مجسمہ مادام تساؤ میوزیم لندن کی زینت بننے جارہا ہے۔ اس بات کا اعلان دنیا کے منفرد مومی عجائب گھر مادام تساؤ کی انتظامیہ ک جانب سے بدھ کو کیا گیا۔

مادام تساؤ میوزیم کا کہنا ہے کہ کترینہ کیف کا انتخاب شائقین فلم کے بھاری ووٹوں کے ذریعے کیا گیا جس کے لیے میوزیم کی ویب سائٹ پر شائقین سے پوچھا گیا تھا کہ وہ بالی وڈ کی کس فلمی شخصیت کو مادام تساؤ میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایک سخت مقابلے کے بعد 'بینگ بینگ' اداکارہ کترینہ کیف نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے۔

اپنے بیان میں میوزیم کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ کترینہ کیف نے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے جس کے بعد امید ہے کہ کترینہ کیف کا مومی مجسمہ آئندہ برس تک مادام تساؤ میں شامل ہو جائے گا۔​

لندن کا مشہور سیاحتی مقام 'مادام تساؤ' موم تراش میری تساؤ نے قائم کیا تھا جس کی شاخیں دنیا کے کئی بڑے شہروں میں قائم ہیں۔

مادام تساؤ گزشتہ پندرہ برسوں سے بالی وڈ کے اداکاروں کے ساتھ کام کر رہا ہے اور یہاں کی مقبول بالی وڈ گیلری میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، سلمان خان، ہریتک روشن، ایشوریہ رائے، مادھوری ڈکشٹ اور کرینہ کپور کے مومی مجسمے موجود ہیں جن کے ساتھ کترینہ کیف کا مجسمہ بھی شامل کیا جائے گا۔

مادام تساؤ کی پی آر مینجر نکول فینس نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ مادام تساؤ نے سنہ 2000 میں پہلی بالی وٖڈ شخصیت لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کا مجسمہ شامل کیا تھا جس کے بعد لندن کے عجائب گھر میں ایشیائی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا۔

یہ پہلا موقع تھا جب کسی بالی وڈ اداکار کے انتخاب کے لیےعوامی رائے پوچھی گئی تھی۔ اب لگ بھگ 15 برس بعد بالی وڈ فلم انڈسٹری کی سات شخصیات کو مادام تساؤ کی زینت بنایا جا چکا ہے۔

کترینہ کیف نے مادام تساؤ کی اگلی بالی وڈ شخصیت منتخب ہونے کے حوالے سے کہا ہے، ''میں بہت زیادہ پرجوش ہوں کہ میرا مجسمہ مادام تساؤ میں شامل کیا جائے گا اور زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ یہ فیصلہ شائقین نے کیا ہے اس لیے میرے لیے یہ اور بھی زیادہ خاص ہے۔"

​کترینہ کیف نے کہا کہ ''میں اس تخلیق پر کام کرنے کے لیے اور آئندہ برس مادام تساؤ میں خود سے ملاقات کرنے کے لیے ابھی سے بہت زیادہ بے قرار ہوں۔"

ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 آرٹسٹوں پر مشتمل ایک ٹیم اداکارہ کے مومی مجسمے پر کام کرے گی جس پر لگ بھگ 150,000 پونڈ لاگت آئے گی۔

بتایا گیا ہے کہ کترینہ کیف موم تراشوں کے ساتھ اپنے رقص کے انداز اور مجسمے کے لباس کے انتخاب کے لیے پورا تعاون کر رہی ہیں جس کے لیے انھوں نے گزشتہ دنوں ممبئی میں ایک نشست کا اہتمام کیا جہاں آرٹسٹوں نے کترینہ کی تمام ضروری پیمائش حاصل کی۔

امید ہے کہ آئندہ برس موسم بہار میں کترینہ کیف خود اپنے ہاتھوں سے مومی مجسے کی نقاب کشائی کرئیں گی۔

XS
SM
MD
LG