رسائی کے لنکس

کینیا کی کرکٹ ٹیم دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی: کرکٹ بورڈ


کینیا کا دورہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی اس مہم کا حصہ ہے جو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے چلائی جا رہی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق کینیا کی کرکٹ ٹیم پاکستان 'اے' کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

کینیا کا دورہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی اس مہم کا حصہ ہے جو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے چلائی جا رہی ہے۔

کینیا اور پاکستان 'اے' کے درمیان سیریز کے تمام میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

مارچ 2009ء میں پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ایک ٹیسٹ میچ کے لیے اسٹیڈیم جاتے ہوئے دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا جس میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ کچھ مہمان کھلاڑی زخمی ہو گئے تھے۔

اس واقعے کے بعد بین الاقوامی ٹیموں نے سکیورٹی خدشات کی بنا پر پاکستان آ کر کھیلنے سے انکار کیا اور ایسے میں پاکستان اپنی تمام ہوم سیریز بیرون ملک متبادل میدانوں میں کھیل رہا ہے۔

تاہم کینیا افغانستان کے بعد دوسری بین الاقوامی کرکٹ ٹیم ہے جو 2009ء کے بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان یہ کہہ چکے ہیں اُن کی خواہش ہے کہ 2015ء تک ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز ہو سکے۔ اس کے لیے مختلف سطحوں پر کوششیں جاری ہیں۔

XS
SM
MD
LG