رسائی کے لنکس

اخوان المسلمین کے خلاف کارروائی پر کیری کے تحفظات


امریکی وزیرخارجہ جان کیری
امریکی وزیرخارجہ جان کیری

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مسٹر کیری نے مصر میں سیاسی استحکام اور جمہوری تبدیلی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت اور بنیادی انسانی حقوق کے احترام پر زور دیا۔

امریکہ کے اعلٰی ترین سفارتکار نے مصر میں فوج کی حمایت یافتہ حکومت کی طرف سے اخوان المسلمین کے خلاف کریک ڈاؤن پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اخوان المسلمین کو دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کے بعد پولیس نے جمعرات کو اس جماعت کے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لیا اور حکام نے اس جماعت کی حمایت کرنے والوں کے خلاف سخت پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مصر کی عبوری حکومت ملک میں تشدد کی لہر بشمول منگل کو منصورہ میں پولیس ہیڈکوارٹرز پر ہونے والے کار بم حملے کا ذمہ دار اس جماعت کو ٹھہراتی ہے۔ اس حملے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

امریکہ کے وزیرخارجہ جان کیری نے اس حملے اور جمعرات کو ایک بس پر ہونے والے بم حملے کی مذمت کی۔ تاہم انھوں نے اپنے مصری ہم منصب نبیل فہیمی سے فون پر بات کرتے ہوئے اخوان المسلمین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے اور اس کے لوگوں کےخلاف کارروائیوں پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

محکمہ خارجہ کے مطابق مسٹر کیری نے مصر میں سیاسی استحکام اور جمہوری تبدیلی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت اور بنیادی انسانی حقوق کے احترام پر زور دیا۔

اخوان ملک میں ہونے والے پرتشدد حملوں میں ملوث ہونے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے یہ کہہ چکی ہے کہ وہ فوج کی طرف سے برطرف کیے گئے صدر محمد مرسی کی عہدے پر پرامن انداز میں بحالی کے عزم پر قائم ہے۔

مصر میں ہونے والے حالیہ واقعات میں سے چند کی ذمہ داری انصار بیت المقدس نامی سخت گیر اسلامی گروپ نے قبول کی ہے۔

کیری حالیہ مہینوں میں کہہ چکے ہیں کہ مرسی کی برطرفی ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے ضروری تھی۔ تاہم انھوں نے اخوان المسلمین کے خلاف بڑے پیمانے پر کی جانے والی سرکاری کارروائیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

اخوان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن اور اس جیسی دیگر کارروائیوں میں اب تک ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس جماعت کے سینکڑوں کارکن بشمول کئی اعلیٰ عہدیدار بھی حکام کی تحویل میں ہیں۔
XS
SM
MD
LG