رسائی کے لنکس

انسداد بدعنوانی کی کانفرنس میں شرکت کے لیے کیری کا دورہ یورپ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جمعرات کو شروع ہونے والے انسداد بد عنوانی کے اجلاس کی میزبانی برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کمیرون کررہے ہیں اور اس میں افغانستان، کولمبیا اور نائیجیریا کے صدور کے علاوہ کئی دیگر ملکوں کے رہنما شرکت کریں گے۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری پیر سے یورپ کے چار روزہ دورے کا آغاز کر رہے ہیں جہاں وہ کئی ملکوں کے عہدیداروں سے ملاقات کے علاوہ انسداد بدعنوانی سے متعلق ایک اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

جمعرات کو شروع ہونے والے انسداد بدعنوانی کے اجلاس کی میزبانی برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کمیرون کر رہے ہیں اور اس میں افغانستان، کولمبیا اور نائیجیریا کے صدور کے علاوہ کئی دیگر ملکوں کے رہنما بھی شرکت کریں گے۔

کیمرون کی طرف سے بلائے جانے والے اس اجلاس کا مقصد عالمی بدعنوانی کے معاملے سے نمٹنا ہے۔

یہ اجلاس پانامہ پیپرز کے افشا ہونے کے بعد سامنے آنے والے انکشافات کے چند ہفتوں کے بعد ہو رہا ہے جن سے معلوم ہوا تھا کہ وزیراعظم کیمروں کے والد کی طرف سے قائم کی گئی بیرون ملک کمپنیوں سے فائد اٹھانے والوں میں ان کا بھی نام شامل تھا۔ برطانوی رہنما کا موقف ہے کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے۔

عوام کے لیے پیر کو پانامہ پیپرز میں موجود مزید معلومات افشا کی جائیں گے جن میں دنیا کے کئی دیگر رہنماؤں کے نام بھی موجود ہیں۔

کمیرون نے "دنیا کے کئی مسائل کی بنیادی وجہ" بدعنوانی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ "یہ ترقی کی دشمن ہے۔"

انہوں نے کہا کہ "ایک طویل عرصے سے اس معاملے سے نمٹنے سے اعتراض کیا جاتا رہا ہے۔ اس اجلاس سے یہ (رویہ) تبدیل ہو جائے گا۔ ہم مل کر بدعنوانی کے خلاف لڑائی کو بین الاقوامی ایجنڈے میں اولین ترجیح بنا دیں گے جیسا کہ اسے ہونا چاہیے۔"

اس کانفرنس میں روس کی نمائندگی اس کے نائب وزیر خارجہ اولیگ سائرو مولوتوف کریں گے جبکہ ناروے کی وزیر اعظم ایما سولبرگ بھی اس میں شرکت کریں گی۔

ایک ترجمان نے کہا کہ کیری اپنے دورہ یورپ کے آغاز پر سب سے پہلے پیرس جائیں گے جہاں وہ پیر کو فرانسیسی وزیر خارجہ جین مارک آئیرالٹ سے ملاقات کریں گے جس میں وہ شام میں قیام امن کے عمل اور یوکرین کی کشیدہ صورت حال کے علاوہ کئی دیگر امور پر بات چیت کریں گے۔

کیری جرمنی کے وزیر خارجہ فرینک والٹر سٹائن مائر سے منگل کو ملاقات کریں گے جس کے بعد وہ لندن روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ کولمبیا کے صدر ہوان مانوئل سانتوس سے ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ برطانیہ میں قیام کے دوران کیری آکسفورڈ یونیورسٹی کے طلباء سے ملاقات کے علاوہ آکسفورڈ یونین سے بھی خطاب کریں گے۔

کیری واشنگٹن واپس آنے سے پہلے جمعرات کو لندن میں انسداد بدعنوانی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

XS
SM
MD
LG