رسائی کے لنکس

سینیٹر جان کیری ، من موہن ملاقات: دہشت گردی اور باہمی تعلقات پر تبادلہٴ خیال


بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ (فائل فوٹو)
بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ (فائل فوٹو)

وہ اوباما انتظامیہ کاپیغام ساتھ لائے ہیں جِس میں دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں بھارت کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا گیا ہے

امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کےسربراہ، سینیٹر جان کیری، جو اِس وقت دہلی کے مختصر دورے پر ہیں، پیر کے روز بھارتی وزیرِ اعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کی اور دہشت گردی اور باہمی تعلقات جیسے امور پر تبادلہٴ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق، بیس منٹ جاری رہنے والی اِس ملاقات میں جنوبی ایشیا اور خاص طور پر پاکستان اور افغانستان کی صورتِ حال پر بھی تبادلہٴ خیال ہوا۔

بتایا گیا ہے کہ جان کیری اوباما انتظامیہ کا ایک پیغام بھی لائے ہیں جِس میں دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں بھارت کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا گیا ہے۔

بنایا جاتا ہے کہ اِس پیغام میں امریکہ اور بھارت کے مابین قریبی تعلقات، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دیگر علاقائی امور کے سلسلے میں امریکی منصوبے پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ واضح رہے کہ جان کیری کے دورے کے بعد امریکہ کے دیگر اعلیٰ عہدے داروں کے بھی دورے بھی متوقع ہیں۔

اِس دورے کو 25فروری کو بھارت پاکستان سیکریٹری خارجہ کے مابین ہونے والے مذاکرات کے تناظر میں کافی اہم سمجھا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ پونے میں بم دھماکوں کے بعد باہمی مذاکرات پر شک و شبہے کے بادل گھِر آئے تھے، لیکن بھارتی حکومت کے ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ مذاکرات کو روکا نہیں جائے گا، اور وہ پروگرام کے مطابق جاری رہیں گے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG