رسائی کے لنکس

جان کیری کی اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات


امریکی وزیرخارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ وہ مذاکراتی عمل میں پیش رفت کے منتظر ہیں۔

امریکہ کے وزیرخارجہ جان کیری نے جمعہ کو اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کی جو کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے اپریل تک کسی معاہدے پر پہنچنے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

مسٹر کیری نے جعرات کو رملہ میں فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات کی تھی جس میں کے بعد ان کا کہنا تھا کہ وہ خطے میں امن و سلامتی کے مقصد کے حصول میں پیش رفت کے منتظر ہیں۔

’’یہ سلسلہ تعمیری رہا۔ یہ ہمیشہ سے پیچیدہ رہا لیکن میں اس بارے میں اچھی بات چیت کا منتظر ہوں۔ صدر عباس سے ملاقات کے بعد ہمارے پاس بات کرنے کے لیے بہت کچھ ہے اور ہم اس معاملے پر عمل جاری رکھیں گے۔‘‘

نام ظاہر نہ کرتے ہوئے امریکی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ مسٹرکیری ایک جزوی حکمت عملی کے لیے تگ ودو کر رہے ہیں کیونکہ انھیں خدشہ ہے کہ نو ماہ کی بات چیت کے بعد بھی شاید کوئی حتمی معاہدہ طے نہ پا جاسکے۔

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تاحال سکیورٹی، مستقبل کی فلسطینی ریاست کے سرحدوں، فلسطینی مہاجرین کی واپسی اور یروشلیم کی حیثیت کے معاملات پر اتفاق ہونا باقی ہے۔

اسرائیل اور فلسطین نے رواں سال جولائی میں امریکہ کی کوششوں سے دوبارہ مذاکرات کا آغاز کیا تھا جو کہ نو ماہ تک جاری رہیں گے۔
XS
SM
MD
LG