رسائی کے لنکس

داعش کو شکست ہوگی، کیری کا پختہ یقین کا اظہار


ابو ظہبی میں ’این بی سی‘ کے پروگرام ’ٹوڈے شو‘ کے ساتھ گفتگو میں کیری نے کہا کہ پہلے ہی ایک مربوط حکمت عملی موجود ہے، اور امریکہ کی قیادت میں اتحاد داعش کے خلاف فضائی حملے کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں گروہ کی عسکری طاقت ختم کی جا رہی ہے، اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں اور سفارتی کوششیں کی جاری ہیں

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ داعش کے شدت پسند گروپ کے خلاف متحدہ محاذ موجود ہے اور یہ کہ اُنھیں ’پورا یقین ہے‘ کہ دہشت گردوں کو شکست ہوگی۔

متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران، ’این بی سی‘ کے پروگرام ’ٹوڈے شو‘ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے، کیری نے کہا کہ اِس ضمن میں پہلے ہی حکمت عملی موجود ہے، اور امریکہ کی قیادت میں اتحاد داعش کے خلاف فضائی حملے کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں گروہ کی عسکری طاقت ختم کی جا رہی ہے، اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں اور سفارتی کوششیں کی جاری ہیں۔
اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گرد جنھوں نے فرانس، لبنان اور مصر میں حملے کیے وہ گروپ کے لڑاکوں کے زیر اثر تھے اور عراق اور شام میں اُن کی جانب سے کی جانے والی مار دھاڑ سے ہمدردی رکھتے تھے۔ اُنھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ دِنوں کے دوران، اِن ملکوں میں اتحاد کے حملے تیز کیے جائیں گے۔

کیری نے کہا کہ امریکی صدر براک اوباما نے کلیدی اہل کاروں کو احکامات دے دیے ہیں کہ وہ داعش کی بغاوت کو کچلنے کے سلسلے میں نئے خیالات پیش کریں۔
ابو ظہبی میں کیری نے ولی عہد شہزادے، شیخ محمد بین زید النہیان سے ملاقات کی۔ دورے کے اگلے مرحلے میں، وہ ابو ظہبی سے اسرائیل جائیں گے۔
متحدہ عرب امارات متعدد ملکوں کی جانب سے کی جانے والی نئی کوششوں کا حصہ ہیں جس کا مقصد شام کی صورت حال کا سیاسی حل تلاش کرنا ہے، جہاں لڑائی کے نتیجے میں مارچ 2011ء سے اب تک 250000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جب کہ ایک کروڑ 10 لاکھ نفوس جان بچانے کے لیے اپنے گھربار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

تیرہ نومبر کو امریکہ اور عالمی طاقتوں نے ویانا میں اپنے حالیہ اجلاسوں کے دوران حکومت شام اور مخالفین کو اقوام متحدہ کی ثالثی میں جنوری تک منعقد ہونے والی بات چیت میں شامل کرنے کی کوششوں کا عہد کیا۔ اس سے قبل 2014ء کے اوائل میں امن مذاکرات کے دو مرحلے بغیر کسی پیش رفت کے مکمل ہوئے۔

داعش کو ہدف بنانے کے لیے شام میں امریکی قیادت میں فضائی کارروائیاں کرنے والے اتحاد میں متحدہ عرب امارات شامل ہے جس کے لڑاکا طیارے ایک برس سے زائد عرصے سے عراق کے کچھ علاقوں پر کارروائی کر رہے ہیں۔

کیری اسرائیل کا یہ دورہ ایک برس سے زیادہ عرصے کے بعد کر رہے ہیں، جہاں یروشلم میں اُن کی اسرائیلی وزیر اعظم بینجامن نیتن یاہو جب کہ رملہ میں فلسطینی رہنما، محمود عباس سے ملاقات ہوگی۔

توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اُن اقدامات پر گفتگو کریں گے جن کا تعلق اسرائیل فلسطینی تناؤ میں حالیہ اضافہ ہوگا اور دونوں فریق پر تحمل کا دامن تھامے رکھنے پر زور دیں گے۔

XS
SM
MD
LG