رسائی کے لنکس

ایران میں قید امریکیوں کی رہائی کی قوی امید ہے، کیری


فائل
فائل

جان کیری نے کہا کہ ویانا میں مذاکرات کے آخری دور کے دوران انہوں نے ایرانی وفد سے ہونے والی ہر ملاقات میں امریکی قیدیوں کی رہائی کا معاملہ اٹھایا تھا۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ انہیں قوی امید ہے کہ جوہری معاہدہ طے پانے کے بعد ایران اپنی تحویل میں موجود تمام امریکی قیدیوں کو جلد رہا کردے گا۔

جمعے کو امریکی ٹی وی 'ایم ایس این بی سی' کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں جان کیری نے کہا کہ ویانا میں مذاکرات کے آخری دور کے دوران انہوں نے ایرانی وفد سے ہونے والی ہر ملاقات میں امریکی قیدیوں کی رہائی کا معاملہ اٹھایا تھا۔

امریکی حکام کے مطابق اس وقت کم از کم تین امریکی شہری مختلف الزامات کے تحت ایران کی تحویل میں ہیں۔ ان امریکی قیدیوں کی رہائی کے معاملے کو ایران کے ساتھ طے پانے والے تاریخی جوہری معاہدے میں شامل نہ کرنے پر اوباما انتظامیہ کو بعض حلقوں کی جانب سے کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے۔

اپنے انٹرویو میں سیکریٹری کیری نے قیدیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات میں شریک اپنے وفد کی کوششوں کا دفاع کیا۔

انہوں نے کہا کہ ویانا میں لگ بھگ تین ہفتوں تک جاری رہنے والے مذاکرات کے آخری دور کے دوران امریکی وفد نے ایرانیوں کے ساتھ ہونےو الی ہر ملاقات میں قیدی امریکیوں کی رہائی کے معاملے پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدے پر اتفاقِ رائے کے اعلان سے چند لمحے قبل بھی انہوں نے بذاتِ خود ایرانی وزیرِ خارجہ جواد ظریف کے ساتھ اس معاملے پر گفتگو کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ مذاکرات ختم ہونے کے باوجود امریکی محکمۂ خارجہ امریکی شہریوں کی رہائی کے لیے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

جان کیری نے کہا کہ انہیں قوی امید ہے کہ ایران اس معاملے میں درست فیصلہ کرے گا اور اپنی تحویل میں موجود امریکی شہریوں کو جلد اپنے وطن واپسی کی اجازت دیدے گا۔

ایران میں قید امریکیوں میں جولائی 2014ء میں گرفتار ہونے والے 'واشنگٹن پوسٹ' کے نمائندے جیسن رضائیاں بھی شامل ہیں جن پر جاسوسی کے الزامات میں مقدمہ چلایا جارہا ہے۔

XS
SM
MD
LG