رسائی کے لنکس

یمن بحران پر بات چیت کے لیے جان کیری سعودی عرب پہنچ گئے


فائل
فائل

سیکریٹری کیری نے کہا کہ لگ رہا ہے کہ یمن بحران کے تمام فریقین متاثرین تک امداد کی رسائی یقینی بنانے کے لیے عارضی جنگ بندی پر آمادہ ہیں۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں وہ سعودی قیادت کے ساتھ یمن کے بحران پر بات چیت کریں گے۔

سیکریٹری کیری بدھ کی شب افریقی ملک جبوتی کا دورہ مکمل کرکے سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے۔

اس سے قبل جبوتی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری کیری نے کہا تھا کہ وہ سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں یمن میں عارضی جنگ بندی پر بھی بات چیت کریں گے تاکہ لڑائی سے متاثرہ عام لوگوں تک امداد کی رسائی ممکن بنائی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت کے ساتھ اس مسئلے پر بات چیت کا مقصد یمن پر جاری عرب اتحاد کے فضائی حملوں میں عارضی تعطل اور اس کے طریقۂ کار کی تفصیلات طے کرنا ہے۔

سیکریٹری کیری نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ یمن بحران کے تمام فریقین متاثرین تک امداد کی رسائی یقینی بنانے کے لیے عارضی جنگ بندی پر آمادہ ہیں۔

دورۂ جبوتی کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ نے صدر اسمعیل عمر اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔

دورے کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری کیری نے کہا کہ انہوں نے جبوتی کی قیادت کے ساتھ یمن اور صومالیہ کی صورتِ حال پر بھی گفتگو کی ہے۔

سعودی عرب کی قیادت میں تشکیل پانے والے عرب اتحاد کے جنگی طیاروں کے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملوں کے بعد وہاں سے نکلنے والے بیشتر امریکی اور دیگر غیر ملکیوں کا پہلا پڑاؤ جبوتی رہا ہے۔

بدھ کو جبوتی کے وزیرِ خارجہ محمد علی یوسف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران جان کیری نے یمن کے لیے چھ کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی امریکی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم لڑائی سے متاثرہ افراد کو خوراک، پانی، پناہ گاہوں، طبی امداد اور دیگر سامان کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔

اپنے دورے کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ نے جبوتی میں قائم امریکی فوجی اڈے 'کیمپ لیمونیئر' کا بھی دورہ کیا ۔ زیریں افریقہ میں بیشتر امریکی فوجی کارروائیاں اسی اڈے سے انجام دی جاتی ہیں جہاں لگ بھگ ساڑھے چار ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔

جبوتی کے دورے سے قبل سیکریٹری کیری نے کینیا کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے مقامی سیاسی قیادت اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ ملاقاتیں کی تھیں۔

جان کیری نے منگل کو خانہ جنگی کا شکار صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کا بھی مختصر دورہ کیا تھا اور صومالی صدر اور وزیرِاعظم کے ساتھ ملاقات کی تھی۔ وہ صومالیہ کا دورہ کرنے والے امریکہ کے پہلے وزیرِ خارجہ ہیں۔

سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد امریکی وزیرِ خارجہ پیرس روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ 'خلیج تعاون کونسل' کے رکن ملکوں کے نمائندوں کے ساتھ سلامتی اور علاقائی تعاون پر مذاکرات کریں گے۔

XS
SM
MD
LG