رسائی کے لنکس

امریکہ کے وزیر خارجہ رواں ہفتے سری لنکا جائیں گے


جان کیری
جان کیری

سری لنکا کے بعد کیری افریقہ کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ کینیا میں حکومتی عہدیداروں اور کاروباری شعبے کے سرکردہ افراد سے ملاقات کریں۔

کئی برس تک سری لنکا کی سابق حکومت سے امریکہ کے تعلقات کشیدہ رہنے کے بعد اس ہفتے امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری سری لنکا جائیں گے۔ امریکہ کے محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ نو منتخب صدر میتھری پالا سری سینا سے ملاقات کریں گے۔

سری سینا اس سال جنوری میں ایشیا میں سب سے طویل عرصے تک حکمران رہنے والے صدر مہندا راجاپکسے کو انتخابات میں شکست دینے کے بعد ملک کے صدر بنے۔

میتھری پالا نے صدر بننے کے بعد 10 سال تک جاری رہنے والے آمرانہ طرز حکومت کو ختم کرنے کے لیے 100 روزہ منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

سابق صدر راجاپکسے کے دور حکومت میں واشنگٹن اور کولمبو کے درمیان تعلقات کشیدہ رہے۔ اس دوران انہوں نے چین کے ساتھ قریبی تعلقات کو بڑھانا چاہا اور چینی آبدوزوں کو سری لنکا کی بندر گاہوں پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دی تھی۔

حال ہی میں راجاپکسے کے خاندان پر نامناسب سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ سابق صدر کے چھوٹے بھائی بسل کو سرکاری فنڈ خرد برد کرنے کے الزام میں 22 اپریل کو حراست میں لیا گیا۔

جبکہ کے ان کے ایک دوسرے بھائی اور سابق سیکرٹری دفاع گوٹابیا پر ایک نجی فوج رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے جس کی وہ تردید کرتے ہیں۔

جان کیری 2004 کے بعد کولمبو کا دورہ کرنے والے پہلے امریکی وزیر خارجہ ہوں گے۔

اس دورے کے دوران جان کیری ’’کامیاب‘‘ انتخابات کے ذریعے پرامن انتقال اقتدار پر سری لنکا کی تعریف کریں گے۔ امریکی عہدیداروں کے مطابق کیری ممکنہ طور پر انسانی حقوق اور راجاپکسے کے دور حکومت میں 1983 سے 2009 تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے دوران ہونے والے مبینہ جنگی جرائم پر امریکی تشویش کا اظہار بھی کریں گے۔

سری لنکا کے بعد کیری افریقہ کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ کینیا میں حکومتی عہدیداروں اور کاروباری شعبے کے سرکردہ افراد سے ملاقات کریں۔

اس دورے کے دوران وہ صومالیہ کے شدت پسندوں کی طرف سے بڑھتے ہوئے خطرات کے تناظر میں (دونوں ملکوں کے درمیان) سیکورٹی تعاون پر بھی بات کریں گے۔

کیری 5 مئی کو جبوتی جائیں گے جہاں وہ ملک کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران شورش کے شکار یمن سے لوگوں کو باہر نکالنے کی کوششوں میں ان کے تعاون پر بات کریں گے۔ اس دوران وہ امریکی فوجی اڈے کیمپ لیمونئیر کا بھی دورہ کریں۔

XS
SM
MD
LG