رسائی کے لنکس

کیون پیٹرس اور احمد شہزاد کی لائیو چیٹ، معاملہ ہے کیا؟


کیون پیٹرسن (فائل فوٹو)
کیون پیٹرسن (فائل فوٹو)

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی کیون پیٹرسن اور پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد کی انسٹا گرام پر ہونے والی ویڈیو چیٹ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث مشہور کرکٹرز بھی اپنا زیادہ تر وقت گھر پر ہی گزار رہے ہیں۔ ایسے میں بعض کرکٹرز انسٹا گرام پر لائیو سیشن کر رہے ہیں۔ کیون پیٹرسن اس حوالے سے خاصے متحرک ہیں۔

ایسے ہی ایک لائیو سیشن میں کیون پیٹرسن، احمد شہزاد سے یہ سوال کر رہے ہیں کہ آپ گراؤنڈ میں اچھی کارکردگی دکھانے میں مسلسل کیوں ناکام ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ کیون پیٹرسن پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

چونکہ احمد شہزاد کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا حصہ ہیں اس لیے انہوں نے احمد شہزاد سے جب سوال پوچھا تو اُس پر احمد شہزاد نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ہر میچ کے دوران اپنا سو فی صد دینے کی کوشش کرتا ہوں، لیکن فارم میں نہ ہونے کے باعث کچھ چیزیں انسان کے بس میں نہیں ہوتیں۔

کیون پیٹرسن، احمد شہزاد کے جواب سے مطمئن نہیں ہوئے۔ انہوں نے دوبارہ سوال کیا کہ "شہزاد مجھے تم روایتی جواب دے کر مت ٹرخاؤ، اصل بات بتاؤ تم کیوں اچھی کارکردگی نہیں دکھا پا رہے۔"

کیون پیٹرسن کے اصرار پر احمد شہزاد کچھ سٹپٹا جاتے ہیں۔ احمد شہزاد اپنے بیٹنگ آرڈر کو ناقص کارکردگی کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ اُنہوں نے پہلی بار نمبر تین پر بیٹنگ کی۔ حالانکہ وہ اننگز کا آغاز کرتے رہے ہیں۔ لہذٰا اسی وجہ سے وہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

ایک موقع پر کیون پیٹرسن احمد شہزاد سے کہتے ہیں کہ تم اب بھی وہی فضول باتیں کر رہے ہو، جو تم ڈریسنگ روم میں کرتے تھے۔ میری سمجھ میں کچھ نہیں آ رہا۔ جس پر احمد شہزاد جواب دیتے ہیں کہ دوست آپ میری بات غور سے سنیں۔

سوشل میڈیا پر دونوں کرکٹرز کی گفتگو وائرل ہو چکی ہے۔ بعض پاکستانی صارفین نے کیون پیٹرسن کو سراہا کہ اُنہوں نے احمد شہزاد کے ساتھ بالکل ٹھیک کیا۔ تاہم بعض نے اسے کیون پیٹرسن کا نامناسب رویہ قرار دیا۔

البتہ، کرکٹر احمد شہزاد نے اپنی ٹوئٹ میں وضاحت کی کہ موجودہ مشکل حالات میں اگر کوئی مثبت باتیں اُجاگر کرتا ہے یا چہروں پر مسکراہٹیں لاتا ہے تو اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

احمد شہزاد نے کہا کہ یہ دو دوستوں کے درمیان بے تکلف گفتگو تھی، لہذٰا اسے کوئی اور رنگ نہ دیا جائے۔

کیون پیٹرسن نے بھی انسٹا گرام کے اس لائیو سیشن پر سوشل میڈیا پر ردعمل کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک اچھے ماحول میں گفتگو کی، جس طرح ہم ڈریسنگ روم میں کرتے تھے۔

خیال رہے کہ کرکٹر احمد شہزاد پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔ اس سے قبل اُنہیں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کا بھی موقع ملا تھا لیکن اُس میں بھی وہ اچھی کارکردگی دکھانے سے قاصر رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG