رسائی کے لنکس

امریکہ: پولیس افسر کے خلاف گواہی دینے والا شخص قتل


اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اٹارنی جیوری کو مقتول جوشوا براؤن کی تصویر دکھا رہی ہیں۔
اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اٹارنی جیوری کو مقتول جوشوا براؤن کی تصویر دکھا رہی ہیں۔

امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں قتل کے اہم گواہ جوشوا براؤن کو اس کے اپارٹمنٹ کمپلیکس کی پارکنگ لاٹ میں قتل کر دیا گیا ہے۔

سابق پولیس افسر ایمبر گائیگر کو عدالت نے چند روز قبل بوتھم جین نامی شخص کو قتل کرنے کے جرم میں 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اور مقتول جوشوا براؤن اسی مقدمے کا اہم گواہ تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ جوشوا براؤن مقتول بوتھم جین کا پڑوسی تھا۔ وقوعہ کے روز بوتھم جین ستمبر 2018 میں اپنے اپارٹمنٹ میں موجود تھا جب ڈیلس کی پولیس افسر ایمبر گائیگر اپارٹمنٹ میں داخل ہوئی اور اس نے فائرنگ کر کے جین کو ہلاک کر دیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق ایمبر گائیگر اس وقت ڈیوٹی پر نہیں تھی لیکن وہ پولیس کی وردی میں مقتول کے اپارٹمنٹ میں داخل ہوئی اور اسے ہلاک کر دیا۔

عدالت کی طرف سے قید کی سزا پانے کے بعد ایمبر گائیگر کو جیل لیجایا جا رہا ہے
عدالت کی طرف سے قید کی سزا پانے کے بعد ایمبر گائیگر کو جیل لیجایا جا رہا ہے

پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ جمعے کو لگ بھگ صبح ساڑھے دس بجے اپارٹمنٹ بلڈنگ کی پارکنگ لاٹ میں گولیاں چلنے کی آوازیں آئیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد انہوں نے پارکنگ لاٹ میں سے ایک کار کو تیز رفتاری سے باہر جاتے دیکھا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قاتل کو اب تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ مقتول امریکہ میں آتشی اسلحے سے ہونے والے پر تشدد واقعات سے خوفزدہ تھا اور اسے خدشہ تھا کہ وہ بھی ایسے ہی کسی واقعے کا نشانہ بن سکتا ہے اور اس نے مقدمے کی جیوری کے سامنے جذباتی انداز میں قتل کے واقعے کی شہادت دی تھی۔

مقتول جوشوا براؤن نے جیوری کو بتایا تھا کہ پولیس افسر ایمبر کے ہاتھوں قتل ہونے والے اس کے پڑوسی بوتھم جین سے وقوعہ کے روز ہی اس کی پہلی بار ملاقات ہوئی تھی۔ اس نے بتایا کہ بعد میں وہ اپارٹمنٹ بلڈنگ کے ہال میں جا رہا تھا کہ اس نے بوتھم جین کے اپارٹمنٹ سے گولیاں چلنے کی آوازیں سنی تھیں۔

ایمبر کا کہنا تھا کہ وہ غلط اپارٹمنٹ میں داخل ہو گئی تھی اور جین کو دیکھ کر اس نے سمجھا کہ وہ کوئی اجنبی شخص تھا اور وہ کسی غلط ارادے سے اپارٹمنٹ میں داخل ہوا تھا۔ اس لیے اس نے غلط فہمی میں اس پر گولی چلا دی۔

اکتیس سالہ پولیس افسر ایمبر گائیگر کو بدھ کے روز قتل کی مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG