رسائی کے لنکس

ایران: خامنہ ای کا مظاہرین کے خلاف کارروائی کا حکم


خامنہ ای عدالتی حکام سے ملاقات میں گفتگو کر رہے ہیں۔
خامنہ ای عدالتی حکام سے ملاقات میں گفتگو کر رہے ہیں۔

بدھ کو تہران میں عدالتی حکام کے ایک وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے خانہ ای نے کہا کہ عدلیہ کو "ملک کی معاشی سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف" کارروائی کرنی چاہیے۔

ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے ملک کی عدلیہ کو دارالحکومت تہران میں ہونے والے حالیہ حکومت مخالف مظاہروں میں پیش پیش عناصر کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔

بدھ کو تہران میں عدالتی حکام کے ایک وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے خانہ ای نے کہا کہ عدلیہ کو "ملک کی معاشی سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف" کارروائی کرنی چاہیے۔

ایران میں معیشت کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتِ حال کے خلاف اتواراور پیر کو تہران میں ہزاروں افراد، مزدوروں، دکانداروں اور محنت کشوں نے احتجاج کیا تھا۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے پیر کو ہونے والے مظاہرے کو ایران میں 2012ء کے بعد سے اب تک ہونے والے سب سے بڑا احتجاج قرار دیا تھا جس کے دوران شٹر ڈاؤن ہڑتال بھی کی گئی تھی۔

پیر کو ہونے والی ہڑتال اور احتجاج کے موقع پر تہران کا تاریخی 'بازارِ بزرگ' مکمل طور پر بند رہا تھا اور دکانداروں نے احتجاج کیا تھا جس پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی تھی۔

پیر کو ہونے والے احتجاج کا ایک منظر
پیر کو ہونے والے احتجاج کا ایک منظر

منگل کو ہونے والے مظاہروں پر بھی پولیس کے تشدد اور لاٹھی چارج کی اطلاعات ہیں جن میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تاہم صورتِ حال تین روز تک کشیدہ رہنے کے بعد بدھ کو معمول پر آگئی تھی اور 'بازارِ بزرگ' کی بیشتر دکانیں کھل گئی تھیں۔

تہران پولیس کے سربراہ حسین رحیمی نے کہا ہے کہ بازار میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جو ان کے بقول حالات معمول پر آنے تک وہیں موجود رہے گی۔

تہران کے چیف پراسکیوٹر عباس جعفری دولت آبادی نے منگل کو صحافیوں کو بتایا تھا کہ احتجاج کرنے والے بعض مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے اور احتجاج کے رہنماؤں کو بھی شناخت کیا جاچکا ہے۔

بازارِ بزرگ کے دکاندار احتجاج کر رہے ہیں۔
بازارِ بزرگ کے دکاندار احتجاج کر رہے ہیں۔

امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے ایک بیان میں ایرانی حکومت کی جانب سے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کی مذمت کی ہے۔

بدھ کو جاری ایک بیان میں امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت مظاہرین کو دبانے، قید کرنے اور اپنے شہریوں کی مشکلات سے انکاری ہونے کے لا حاصل ہتھکنڈے اپنا رہی ہے۔

بعد ازاں امریکی وزیرِ خارجہ نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ایران کے عوام بدعنوانی، ناانصافی اور اپنے رہنماؤں کی نااہلی سے اکتا چکے ہیں اور دنیا ان کی آواز سن رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG