رسائی کے لنکس

خضدار میں فائرنگ سے دو سکیورٹی اہلکار ہلاک


خضدار میں فائرنگ سے دو سکیورٹی اہلکار ہلاک
خضدار میں فائرنگ سے دو سکیورٹی اہلکار ہلاک

حکام کے مطابق کوئٹہ سے چار سو کلومیٹر جنوب مشرق خضدار شہر میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک اور دو کو زخمی کردیا ۔

ضلعی پولیس افسر نذیر کرد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ چاروں اہلکاروں پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ ایک مقامی بینک سے نکل کر چھاؤنی کی طرف جارہے تھے۔ ان کے بقول حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جو فرار ہوگئے تاہم ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔

واقعے کی ذمہ داری اگرچہ تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے البتہ پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس میں بلوچ عسکریت پسند ملوث ہیں۔

بلوچستان میں ایک ماہ کے بعد دوبارہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔ جمعے کو بھی حب اور ساکران میں دستی بموں کے دو حملوں میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے تھے۔

دوسری جانب فرنٹیئر کور کے ایک ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ نصیر آباد کے علاقے صحبت پور میں بگٹی قبیلے کے دو گروپوں میں تصادم کو روک کر وہاں امن وامان کو بحال کردیا گیا ہے۔

ترجمان مرتضیٰ بیگ کے بقول علاقے میں نواب اکبر بگٹی کے دو پوتوں میر عالی بگٹی اور شاہ زین کے درمیان جائیداد پر قبضے کے لیے چھ روز سے تصادم ہورہا تھا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG