پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی ہفتے کی صبح امریکہ کے دورے پر رورانہ ہو گئے ہیں۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ”آئی ایس پی آر“ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق جنرل اشفاق پرویز کیانی یہ دورہ امریکی فوج کی سنٹرل کمان کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹرئیس کی دعوت پر کر رہے ہیں۔
بیان کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ اپنے دورہ امریکہ کے دوران اعلیٰ امریکی فوجی کمانڈروں اور حکومت میں شامل دیگر عہدیداروں سے ملاقاتوں کے علاوہ پاک امریکہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ میں بھی شرکت کریں گے۔
پاکستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹیجک ڈائیلاگ 24 مارچ سے واشنگٹن میں شروع ہو رہے ہیں ۔ ان مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جب کہ امریکی وفد کی سربراہی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کریں گی۔
رواں ہفتے پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک پریس کانفرنس میں اس توقع کا اظہا ر کیا کہ واشنگٹن میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان ہونے والے اسٹریٹیجک مذاکرات ماضی میں ایسی نوعیت کی ہونے والی بات چیت سے مختلف اور بامعنی ہوں گے ۔انھوں نے کہا کہ مذاکرات کی میز پر وہ تمام مسائل رکھے جائیں گے جنہیں حل کرنے میں امریکہ پاکستان کی مدد کر سکتا ہے ۔