رسائی کے لنکس

کوہاٹ تھانے کے قریب خودکش حملے میں سات افراد ہلاک


حکام نے بتایا کہ خود کش بمبار نے اتوار کی صبح بارود سے بھری گاڑی پولیس تھانے کے سامنے بنی رکاوٹوں سے ٹکرا دی جس سے تھانے کی عمارت کے علاوہ قریب ہی واقع اسکول کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کوہاٹ صدر کے تھانے کے قریب خودکش بم حملے میں ایک بچے سمیت کم از کم سات افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں سات پولیس اہلکار اور فرنٹیئر کانسٹبلری کے دو اہل کاربھی شامل ہیں۔

حکام نے بتایا کہ خود کش بمبار نے اتوار کی صبح بارود سے بھری گاڑی پولیس تھانے کے سامنے بنی رکاوٹوں سے ٹکرا دی جس سے تھانے کی عمارت کے علاوہ قریب ہی واقع اسکول کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ خود کش حملے کے فوراََ بعد علاقے میں سکیورٹی اہلکاروں نے صدر کے علاقے کو سیل کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل کوہاٹ کے مضافاتی علاقے کچہ پخہ میں اورکزئی ایجنسی سے نقل مکانی کر کے آنے والوں کے لیے قائم رجسٹریشن سینٹر پر دو خود کش حملوں میں کم از کم 40افراد ہلاک اورلگ بھگ 60 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ کوہاٹ کے ضلعی پولیس افسر دلاور خان بنگش نے وائس آف امریکہ کو بتایا تھا کہ برقعے میں ملبوس پہلے خودکش حملہ آوروہاں خود کو اپنے جسم سے بندھے دھماکا خیز مواد سے اُس وقت اُڑایا جب رجسٹریشن کا عمل جاری تھا اور پہلے دھماکے کے بعدجب لوگ وہاں ہلاک اور زخمیوں کی مدد کے لیے پہنچے تو دوسرے برقعہ پوش خودکش بمبار نے بھی دھماکا کردیا۔ دلاور خان بنگش کے بقول ہلاک ہونے والوں کی اکثریت اورکزئی سے نقل مکانی کرنے والے افرا د کی ہی تھی ۔

اُدھر کوہاٹ سے ملحقہ اورکزئی ایجنسی میں عسکریت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں اور مقامی حکام کے مطابق اتوار کے روز سانگھڑہ کے مقام پر ہونے والی کارروائی میں سات جنگجو ہلاک کر دیے گئے۔

XS
SM
MD
LG