رسائی کے لنکس

ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز: کوہلی نے ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا


آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں کوہلی نے اپنے کریئر کے 12000 رنز مکمل کیے۔
آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں کوہلی نے اپنے کریئر کے 12000 رنز مکمل کیے۔

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔

کوہلی نے بدھ کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے ون ڈے کریئر میں 12000 رنز کے سنگِ میل تک پہنچے۔

کوہلی نے اپنے کریئر کی 242ویں اننگ میں نہ صرف 12000 رنز مکمل کیے بلکہ انہوں نے بھارت کے سابق مایہ ناز بلے باز سچن ٹنڈولکر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سچن نے اپنے کریئر کے 300ویں میچ میں 12000 رنز مکمل کیے تھے جب کہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ ہیں جنہوں نے 314ویں میچ میں کریئر کے 12000 رنز مکمل کیے۔

کم میچز میں مذکوہ سنگِ میل عبور کرنے والے دیگر بلے بازوں میں بالترتیب تین سابق سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا، سینتھ جے سوریا، اور مہیلا جے وردھنے ہیں، جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

سنگاکارا نے 336، جے سوریا نے 379 اور جے وردھنے نے کریئر کے 399ویں میچ میں 12000 ہزار رنز مکمل کیے۔

بتیس سالہ وراٹ کوہلی بھارت کی جانب سے اب تک 86 ٹیسٹ، 250 ون ڈے اور 81 ٹی ٹوئنٹی میچز میں نمائندگی کر چکے ہیں۔

کوہلی کو دورِ حاضر کا عظیم بیٹسمین قرار دیا جاتا ہے جن کے ون ڈے کریئر میں 43 سنچریاں اور ٹیسٹ کرکٹ میں 27 سنچریاں ہیں۔

کوہلی اب تک ون ڈے کرکٹ میں 12 ہزار 40 رنز بنا چکے ہیں جب کہ ٹیسٹ کرکٹ میں وہ 7240 اور ٹی ٹوئنٹی کریئر میں 2794 رنز بنا چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG