رسائی کے لنکس

علیم ڈار نے ریستوران کھول لیا، کوہلی کا نیک خواہشات کا پیغام


علیم ڈار امپائرنگ کے دوران (فائل فوٹو)
علیم ڈار امپائرنگ کے دوران (فائل فوٹو)

اپنے ویڈیو پیغام میں کوہلی نے کہا ہے کہا ان کی خواہش اور دعا ہے کہ علیم ڈار کا ریستوران بھی اتنا ہی کامیاب ہو جتنی ان کی امپائرنگ ہے۔

پاکستانی امپائر علیم ڈار دنیائے کرکٹ کا بڑا نام ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مسلسل تین سال تک بہترین امپائر کا اعزاز حاصل کرنے اور آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل علیم ڈار کی دنیا کے تمام کرکٹرز نہ صرف عزت کرتے ہیں بلکہ ان کے دوست بھی ہیں۔ ان میں سرِفہرست نام ورلڈ کلاس کرکٹر اور بھارتی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی افریقہ کے دورے پر گئے ویراٹ کوہلی کو جب یہ پتا چلا کہ علیم ڈار نے لاہور میں اپنا ریستوران کھول لیا ہے تو کوہلی نے ویڈیو پیغام میں علیم ڈار کو بھرپور مبارک باد دی اور ان کے ریستوران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں کوہلی نے کہا ہے کہا ان کی خواہش اور دعا ہے کہ علیم ڈار کا ریستوران بھی اتنا ہی کامیاب ہو جتنی ان کی امپائرنگ ہے۔

کوہلی نے اس اطلاع پر بھی خوشی کا اظہار کیا ہے کہ علیم ڈار ریستوران کی کمائی سے سماعت سے محروم بچوں کے لیے اسکول قائم کرنا ۔چاہتے ہیں

ویراٹ کوہلی کا علیم ڈار کے لیے پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے اور پاکستان اور بھارت میں کوہلی کے پیغام کی خوب تعریف کی جارہی ہے۔

ویراٹ کوہلی اس سے پہلے بھی علیم ڈار کے بیٹے حسن کے لیے ویڈیو پیغام ریکارڈ کراچکے ہیں۔

گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے دورۂ بھارت کے دوران ویراٹ کوہلی نے حسن کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا، "مجھے آپ کی ویڈیو ملی۔ شکریہ۔ جیسا کہ آپ نے کہا کہ سخت محنت اور لگن سے ہی آپ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکتے ہو اور زندگی میں کامیابی حاصل کرسکتے ہو۔ آپ مسلسل محنت کرتے رہو گے تو آپ کی کرکٹ بہتر ہوتی جائے گی۔ امید ہے کبھی علیم بھائی کسی سیریز میں امپائر ہوں گے اور آپ ان کے ساتھ ہوں گے تو آپ سے ملاقات ہوگی۔"

XS
SM
MD
LG