رسائی کے لنکس

قرآن نذر آتش کرنے کے منصوبے پر انجلینا جولی بھی نالاں


انجلینا جولی اسلام آباد میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران
انجلینا جولی اسلام آباد میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران

ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے بھی امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک چر چ کی طرف سے نائن الیون کے دن احتجاجاََ قرآن نذرآتش کرنے کے منصوبے کی مخالفت کی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے بھی اس اقدام کی سخت الفاظ میں مخالفت کرتے ہیں اسے ایک گستاخانہ اور باعث شرم فعل قرار دیا ہے۔

امریکی انتظامیہ کے دوسرے اعلیٰ عہدے داروں اور افغانستان میں بین الاقوامی افواج کے امریکی کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیڑیاس نے بھی خبردار کیا ہے کہ قرآن کو جلانے کے منصوبے سے بیرونی دنیا میں مقیم امریکیوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ جائیں گی اور طالبان اس اقدام کو اپنے پراپیگنڈے کے لیے استعمال کریں گے۔

فلوریڈا میں ’ڈَو ورلڈ آؤٹ ریچ سینٹر‘ نامی پچاس رکنی اس چر چ کے پادری ٹیر ی جونز نے کہا ہے کہ انھیں بیرونی دنیا میں مقیم امریکیوں کو لاحق خطرات کا احساس ہے لیکن وہ اور ان کے ساتھیوں نے ہرطرح کی مخالفت کے باوجود 11 ستمبر کو قرآن کو نذر آتش کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔

سیلاب زدگان سے اظہار یکجہتی اور ان کے مسائل کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں پاکستان کے دوروزہ دورے کے اختتام پر اقوام متحدہ کی خیر سگالی کی سفیر اور آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ انجلیناجولی نے بدھ کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی بھی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کریں گی۔

جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا وہ قرآن کو جلانے کے اقدام کی حمایت کرتی ہیں تو ان کا جواب تھا”ہر گز نہیں، ہرگز نہیں“۔انجلینا جولی نے کہا کہ کسی کی مذہبی کتاب کو جلانے کی مخالفت کا اظہار کرنے کے لیے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG