رسائی کے لنکس

شمالی و جنوبی کوریا کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ


شمالی و جنوبی کوریا کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ
شمالی و جنوبی کوریا کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ

جنوبی کوریا کے حکام نے کہا ہے کہ شمالی و جنوبی کوریائی افواج نے بدھ کو کشیدگی کا شکار سرحدی علاقے میں ایک دوسرے پر توپ خانے سے گولہ باری کی ہے۔

ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ دونوں جانب سے تین، تین گولے فائر کیے گئے جو ممکنہ طور پر سرحدی علاقے سے متصل کھلے سمندر میں جا گرے۔ گولہ باری سے کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی فوری اطلاع نہیں ملی ہے۔

جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ ملکی بحریہ نے شمالی کوریا سے فائر کیے گئے تین گولوں کی آواز سنی تھی جو ممکنہ طور پر کسی تربیتی مشق کے دوران فائر کیے گئے ہوں گے۔

وزارت کے ترجمان کے مطابق جنوبی کوریا کی جانب سے بھی جواباً تین گولے فائر کیے گئے جو سرحد کے نزدیکی علاقے میں گرے۔

ایک فوجی عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے فائر کیے گئے گولے ٹھیک اسی مقام پر گرے ہیں جہاں شمالی کوریا نے گزشتہ برس نومبر میں گولہ باری کر کے چار جنوبی کوریائی باشندوں کو ہلاک کردیا تھا۔

گزشتہ برس ہونے والا یہ حملہ دونوں ممالک کی سرحد سے ملحق ایک چھوٹے جزیرے 'یان پیانگ' پر جنوبی کوریا کی جانب سے کی جانے والی ایک تربیتی مشق کے جواب میں کیا گیا تھا۔ شمالی کوریا نے حملے کے دوران 100 سے زائد گولے فائر کیے تھے جن کی زد میں آکر جنوبی کوریا کے دو فوجی اہلکار اور دو شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

واقعہ کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا تھا۔ گزشتہ ماہ انڈونیشیا میں 'آسیان' اجلاس کے موقع پر شمالی جنوبی کوریا کے اعلیٰ سفارت کاروں کے مابین ہونے والی ملاقات کے بعد اس کشیدگی میں کمی آئی ہے۔

XS
SM
MD
LG