رسائی کے لنکس

معزول صدر سے مزید خوں ریزی کا خطرہ ہے :عبوری کِرغِز لیڈر


کرغزستان
کرغزستان

کرغزستان کی عبوری لیڈر نے کہا ہے کہ اُن کا خیال ہے کہ اُن کی وفادار فوجوں نے اگر معزول صدر قُرمان باقی یف کے خلاف کارروائى کی تو وہ مزید خون بہانے کی کوشش کریں گے۔

روضہ اَتُن بائے وا نے وائس آف امریکہ کے نامہ نگار سٹیو ہرمن کو بتایا ہے کہ معزول صدر ایک کونے میں گھرے ہوئے ہیں اور غالب امکان یہ ہے کہ اُن کا ردّ عمل تشدد آمیز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مسٹر باقی یف کو ملک سے نکل جانا چاہئیے اور اُن پر کسی بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ چلایاجانا چاہئیے۔

لیکن مِز اَتُن بائے وا نے کہا ہے کہ انہوں نے معزول صدر کے ساتھ مذاکرات کو خارج از امکان قرار نہیں دیا ہے۔

مسٹر باقی یف جنوبی کرغزستان میں ہیں جہاں اُن کے وفادار حامی اُن کی حفاظت کررہے ہیں۔اُن کا کہنا ہے کہ اگر عبوری حکومت اُن کی اور اُن کے اہلِ خاندان کی سلامتی اور اس بات کی ضمانت فراہم کردے کہ اُن کی جائیداد کو ضبط نہیں کیا جائے گا تو وہ کوئى باضابطہ استعفیٰ پیش کردیں گے۔

امریکہ کے محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ وہ کرغزستان میں کسی فریق کا ساتھ نہیں دے رہا ہے اور وہ صرف یہ چاہتا ہے کہ صورتِ حال کو پُر امن طریقے سے سُلجھا لیا جائے۔

XS
SM
MD
LG