رسائی کے لنکس

کرغزستان کے معزول لیڈر کا کہنا ہے کہ وہ ابھی تک صدر ہیں


انہوں نے پچھلے ہفتے ملک سے نکل جانے سے پہلے اپنے استعفے پر دستخط کردیے تھے

کرغزستان کےمعزول لیڈر کرمان بیگ باقی یف نے کہا ہے کہ وہ ابھی تک اپنے ملک کے جائز صدر ہیں۔

مسٹر باقی یف نے یہ بات بدھ کے روز بیلا روس میں کہی ہے جہاں اس ہفتے کے شروع میں انہوں نے پناہ لے لی تھی۔ اس سے پہلے حکومت کے خلاف اُن احتجاجی مظاہروں کے دوران، جن میں 84 لوگ ہلاک ہوئے تھے، سات اپریل کو اُن کی حکومت کا تختہ اُلٹ دیا گیا تھا۔

کرغزستان کے عبوری لیڈروں نے مسٹر باقی یف کے بیان کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے پچھلے ہفتے ملک سے نکل جانے سے پہلے اپنے استعفے پر دستخط کردیے تھے۔

معزول صدر نے پچھلے ہفتے کہا ہے کہ وہ اپنے استعفے کو تسلیم نہیں کرتے اور یہ کہ انہیں” صرف موت ہی روک سکتی ہے۔“مسٹر باقی یف نے مِنسک میں گفتگو کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر بھی زور دیا ہے کہ وہ عبوری حکومت کو تسلیم نہ کرے، جسے انہوں نے ایک ناجائزٹولا کہا ہے۔

حزبِ اختلاف کی لیڈر روضہ اَتُتن بائے وا کے زیرِ قیادت عبوری انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسٹر باقی یف کو واپس کرغزستان کے حوالے کیا جانا چاہئیے اور اُنہیں شورش کے دوران احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کے سلسلے میں مقدمے کا سامنا کرنا چاہئیے۔

عبوری لیڈروں نے معزول صدر پر بد عنوانی اور اقربا پروری کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔

منگل کے روز بیلا روس کے صدر الیکزینڈر لُوکا شَینکونے کہا تھا کہ مسٹر باقی یف اور اُن کے اہلِ خاندان دارالحکومت مِنسک میں اُن کی حفاظت میں ہیں۔

پیر کے روز بِشکیک کے مضافات میں نسلی بنیاد پر بلوَوں میں پانچ افراد کی ہلاکت کے بعد، عبوری حکومت کرغزستان میں استحکام قائم کرنے کی سخت کوشش کررہی ہے۔

XS
SM
MD
LG