رسائی کے لنکس

لاہور بم دھماکوں کے بعد شہر سوگوار


لاہور بم دھماکوں کے بعد شہر سوگوار
لاہور بم دھماکوں کے بعد شہر سوگوار

جمعے کے روز لاہور میں ہونے والے دو خودکش حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تدفین کا سلسلہ اگلے روز بھی جاری رہا اور ہفتے کی صبح30مرنے والوں کی تدفین کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ لواحقین کاکہنا تھا کہ دہشت گرد بے گناہ لوگوں کو بلاجواز ہلاک کررہے ہیں۔

شہر بھر میں ایک افسردگی چھائی رہی۔جشن بہاراں سمیت دیگر بہت سی تقریبات منسوخ ہوگئیں اور کئی تاجروں نے احتجاج کے طور پر اپنی دکانیں بند رکھیں۔

مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر نعیم میر نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ لاہور میں کسی تنظیم نے ہڑتال کی کال نہیں دی تاہم ان کے بقول خوف کا ایک ایسا ماحول پیدا ہوگیا ہے کہ کئی تاجروں نے دکانیں بند کررکھی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے تاجروں اور دکانداروں پر فرض ہے کہ وہ اپنی دکانیں کھولیں اور ہراساں ہونے کی ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز لاہور چھاؤنی میں ہونے والے دو خودکش حملوں میں 10فوجیوں سمیت 50سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے اور بعد ازاں رات کو علامہ اقبال ٹاؤن اور سمن آباد میں کم شدت کے پے درپے کئی دھماکے ہوئے جن میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا مگر شہر بھر میں سراسیمگی پھیل گئی تھی۔

دریں اثناء پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے دہشت گردی کی ان وارداتوں کی تفتیش کے لیے سکیورٹی سے متعلق مختلف اداروں کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

XS
SM
MD
LG