رسائی کے لنکس

لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں پلے آف ٹاکرے کے لیے تیار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کا بدھ سے آغاز ہو رہا ہے اور پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہو گا جسے دیکھنے کے لیے شائقین بے تاب ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز اور محمد رضوان کی ملتان سلطانز ایونٹ کی مضبوط ترین ٹیمیں بن کر سامنے آئی ہیں۔

اگر دونوں ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو قلندرز کو سلطانز پر سبقت حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں پی ایس ایل آٹھ کے پہلے مرحلے میں دو مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں اور دونوں ہی میچوں میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو بالترتیب 21 اور ایک رنز سے شکست دی تھی۔

ایونٹ میں یہ تیسرا موقع ہے کہ دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ پلے آف مرحلے کے اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں جگہ بنا لے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم کے پاس ایونٹ میں رہنے کا ایک اور موقع ہو گا۔ یعنی ہارنے والی ٹیم پلے آف مرحلے کے دوسرے میچ کی فاتح ٹیم سے کھیلے گی۔

جمعرات کو پلے آف مرحلے کا دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے پاس بیٹںگ اور بالنگ دونوں ہی شعبوں میں کئی اہم کھلاڑی ہیں لیکن سب کی توجہ کا مرکز قلندرز کے فخر زمان اور سکندر رضا ہوں گے جب کہ سلطانز کے محمد رضوان اور ریلے روسو بھی اپنی حالیہ پرفارمنس کی وجہ سے مخالف ٹیم کے لیے خطرہ ثابت ہوتے رہے ہیں۔

بالنگ کے شعبے میں قلندرز کے پاس شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور راشد خان ہیں جو وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ بلے بازوں کو بیٹںگ میں پریشان کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اسی طرح ملتان کے فاسٹ بالر احسان اللہ اور عباس آفریدی بھی ایونٹ میں اب تک بالترتیب 22 اور 20 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جو قلندرز کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG