رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ دلائی لاما کو دورے کی اجازت دے، ہیومن رائٹس واچ


دلائی لاما اور ڈیسمنڈ ٹوٹو (فائل فوٹو)
دلائی لاما اور ڈیسمنڈ ٹوٹو (فائل فوٹو)

انسانی حقوق کی ایک بڑی تنظیم نے جنوبی افریقہ پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے دلائی لاما کو ملک کا دورہ کرنے کی اجازت دے اور حکومت کو چین کے مبینہ دباؤ کی وجہ سے اس دورے میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔

ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ تبت کے روحانی رہنما کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے میں جنوبی افریقہ کی پس و پیش کی ’’کوئی ٹھوس بنیاد‘‘ نہیں ہے اور اس کی وجہ بظاہر’’چین کی حکومت کا خوف‘‘ معلوم ہوتی ہے۔

دلائی لاما کو آئندہ ہفتے آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو کی 80 ویں سالگرہ کی تقریبات کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ ان کی مصروفیات میں کیپ ٹاؤن میں ہونے والی تقریبات میں ’’عالمی امن‘‘ پر خطاب کرنا بھی شامل ہے۔

لیکن ان کی طرف سے رواں سال جون میں دی گئی ویزہ درخواست پر ابھی تک جنوبی افریقہ نے عمل درآمد نہیں کیا ہے اور حکومت کے بقول یہ ابھی زیر غور ہے۔

رواں ہفتے جنوبی افریقہ کے ایک عہدیدار نے حکومت پر چینی دباؤ کے الزامات کی تردید کی تھی۔ دونوں ممالک اہم تجارتی شراکت دار ہیں۔

چین دلائی لاما کو دوروں کی اجازت نہ دینے کے لیے اکثر مختلف ممالک پر سفارتی دباؤ ڈالتا رہتا ہے۔

XS
SM
MD
LG