رسائی کے لنکس

حبیب بینک کو ارمچی میں شاخ کھولنے کا لائسنس جاری


بینک نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ایچ بی ایل سنکیانگ کے سب سے بڑے شہر ارمچی میں بینکاری شروع کرے گا جس کی سرحد روایتی شاہراہ ریشم پر پاکستان سے ملتی ہے۔‘‘

پاکستان کے ایک بڑے بینک "حبیب بینک لمیٹڈ" نے کہا ہے کہ اسے چین کے شہر ارمچی میں ایک شاخ کھولنے کے لیے لائسنس جاری کر دیا گیا ہے۔ حبیب بینک جنوبی ایشیا کا پہلا بینک ہے جسے یہ لائسنس دیا گیا ہے۔

ارمچی چین کے شورش زدہ مغربی صوبے سنکیانگ کا دارالحکومت ہے جس کی سرحد پاکستان سے ملتی ہے۔ ارمچی میں ایک پاکستانی بینک کی شاخ کھلنے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں وسعت پیدا ہو گی جنہوں نے گزشتہ سال 46 ارب ڈالر مالیت کے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر دستخط کیے تھے۔

بینک نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ ’’ایچ بی ایل سنکیانگ کے سب سے بڑے شہر ارمچی میں بینکاری شروع کرے گا جس کی سرحد روایتی شاہراہ ریشم پر پاکستان سے ملتی ہے۔‘‘

اپریل تک پاکستان کی سب سے پرانے بینک کے 42.5 فیصد حصص حکومت پاکستان کی ملکیت تھے مگر وزیر اعظم نواز شریف کے سرکاری اداروں کی نج کاری کے منصوبے کے تحت حکومت نے اپنے حصص ایک ارب ڈالر کے عوض فروخت کر دیے تھے۔

گزشتہ سال پاکستان اور چین کے درمیان طے پانے والے اقتصادی راہداری سے متعلق معاہدوں سے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔

اس کے عوض چین کو پاکستان کی گوادر بندرگاہ پر آزاد تجارتی علاقے اور بحیرہ عرب تک رسائی دی جائے گی۔

سنکیانگ سے نو تعمیر شدہ پاکستانی سڑکوں کے ذریعے چینی اشیا یورپی اور مشرق وسطیٰ کی منڈیوں تک پہنچائی جائیں گی۔

XS
SM
MD
LG