رسائی کے لنکس

خیبر پختونخوا: ضلعی ناظمین کے انتخاب میں تحریکِ انصاف کو برتری


فائل
فائل

غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، ڈیرہ اسمعیل خان، کرک، ٹانک، ہری پور، تورغر، ایبٹ آباد اور بٹگرام کے ضلع ناظمین کے انتخاب میں کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختو نخواہ میں اتوار کو مختلف اضلاع میں ناظمین اور نائب ناظمین کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے گئے جس کے بعد صوبے میں مقامی حکومتوں کی تشکیل کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ میں آنے والے انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق صوبے کی حکمران جماعت پاکستان تحریکِ انصاف پہلے نمبر پر رہی ہے جسے صوبے کے 23 میں سے 10 اضلاع میں کامیابی ملی ہے۔

صوبائی دارالحکومت پشاور میں پی ٹی آئی کے ارباب محمد عاصم ضلع کونسل پشاور کے ناظم اور سید قاسم علی شاہ نائب ناظم منتخب ہو گئے ہیں۔

پشاور میں ٹاون ون، ٹو اور تھری سے بھی پی ٹی آئی کے امیدواران ناظم اور نائب ناظم کے عہدوں پر منتخب ہوئے ہیں۔

حزبِ مخالف کے پاکستان پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے تین جماعتی اتحاد نے ان تینوں ٹاؤن اور پشاور کے ضلع کونسل کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا تھا۔

ریڈیو پاکستان پر نشر ہونے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، ڈیرہ اسمعیل خان، کرک، ٹانک، ہری پور، تورغر، ایبٹ آباد اور بٹگرام کے ضلع ناظمین کے انتخاب میں کامیابی حاصل کی ہے۔

صوبائی حکومت میں شامل جماعت اسلامی کو چترال، بونیر، اپر اور لوئر دیر کے اضلاع میں کامیابی ملی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شانگلہ، مانسہرہ اور سوات؛ پاکستان پیپلز پارٹی کے مالاکنڈ اور کرک؛ اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے کوہاٹ اور لکی مروت میں کامیاب رہے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی بھی صوبے کے دو اضلاع میں ضلعی حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

XS
SM
MD
LG