رسائی کے لنکس

لاپتا طیارے سے آخری پیغام "شب بخیر ملائیشین 370"


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کا کہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں کہ یہ آخری پیغام پائلٹ نے دیا تھا یا اس کے معاون نے۔ کاک پٹ اور زمینی عملے کے درمیان ہونے والی گفتگو کی جانچ پڑتال کی جاتی رہی ہے

ملائیشیا میں حکام نے لاپتا مسافر طیارے کے کاک پٹ سے ایئر ٹریفک کنٹرول کو موصول ہونے والے آخری الفاظ جاری کر دیے جن میں کہا گیا کہ ’’شب بخیر، ملائیشین 370‘‘۔ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ جہاز کے پائلٹ کے آخری الفاظ تھے ’’آل رائیٹ، گڈ نائیٹ‘‘۔

بوئنگ 777 سے مقامی ائیر ٹریفک کنٹرول سے ہونے والے بات چیت کا مکمل متن ملائیشیا نے منگل کو جاری کیا۔ ملائیشیا کا طیارہ آٹھ مارچ کو کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے لاپتا ہو گیا تھا اور اس کی تلاش کا کام چوتھے ہفتے میں داخل ہو گیا ہے۔

طیارے پر عملے سمیت 239 افراد سوار تھے جن میں سے اکثریت چین کے شہریوں کی تھی۔
ملک کے وزیر ٹرانسپورٹ حشام الدین حسین نے متن میں تبدیلی کی وضاحت کیے بغیر کہا کہ اس سے کسی غیر معمولی صورت حال کی عکاسی نہیں ہوتی۔

حکام کا کہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں کہ یہ آخری پیغام پائلٹ نے دیا تھا یا اس کے معاون نے۔
کاک پٹ اور زمینی عملے کے درمیان ہونے والی گفتگو کی جانچ پڑتال کی جاتی رہی ہے تاکہ اس طیارے کی گمشدگی کی وجہ معلوم کرنے میں مدد مل سکے۔

تاحال تفتیش کاروں کو طیارے کے عملے سے متعلق چھان بین میں بھی کوئی مشتبہ مواد حاصل نہیں ہوسکا ہے۔

ملائیشیا کے محکمہ شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹر جنرل اظہر الدین عبدالرحمن نے منگل کو ورلڈ ایئرلائنز کے سالانہ اجلاس میں گمشدہ طیارے کی تلاش سے متعلق تفصیلات فراہم کرنا شروع کیں۔ لیکن ذرائع ابلاغ کی موجودگی کا احساس ہوتے ہی انھوں نے خاموشی اختیار کر لی۔

"اے سی اے آر ایس سے آخری مرتبہ رات ایک بج کر سات منٹ پر معلومات ڈاؤن لوڈ کی گئیں اور اس وقت یہ جہاز جزیرہ نما ملائیشیا سے گزر رہا تھا۔ اگلا ڈاؤن لوڈ ایک بج کر 37 منٹ پر ہونا چاہیے تھا۔ مجھے افسوس ہے اگر یہاں ذرائع ابلاغ کے لوگ موجود ہیں تو وہ باہر تشریف لے جائیں۔"

لاپتا طیارے کے مسافروں کے لواحقین کی طرف سے ملائیشیئن حکام پر کڑی تنقید کے ساتھ ساتھ یہ الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں کہ وہ انھیں طیارے کو پیش آنے والے واقعے سے متعلق حقیقت سے آگاہ نہ کر کے مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

اس طیارے کی تلاش کا کام بحر ہند میں جاری ہیں جس میں 26 ملکوں کے بحری و ہوائی جہاز حصہ لے رہے ہیں۔ ملائیشیا کے وزیراعظم یہ کہہ چکے ہیں اب تک کی معلومات سے یہی اخذ کیا جاسکتا ہے کہ یہ طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔
XS
SM
MD
LG