رسائی کے لنکس

مذاکرات کے سوا بحران کا کوئی حل نہیں: لبنانی وزیر اعظم


مذاکرات کے سوا بحران کا کوئی حل نہیں: لبنانی وزیر اعظم
مذاکرات کے سوا بحران کا کوئی حل نہیں: لبنانی وزیر اعظم

لبنان کے نگران وزیر اعظم کا کہناہے کہ موجودہ سیاسی بحران سے نمٹنے کے لیے ان کے ملک کے پاس مذاکرات کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔

نگران وزیر اعظم سعد حریری نے یہ بیان جمعے کے روز دیا۔ اس سے دوروز پہلے حزب اللہ کے وزراء کی جانب سے احتجاجاً کابینہ سے مستعفی ہونے کے بعد حریری کی حکومت ختم ہوگئی تھی اور لبنانی صدر مائیکل سلیمان نے انہیں نئی حکومت کی تشکیل تک نگران وزیر اعظم کے طورپر ذمہ داریاں نبھانے کے لیے کہاتھا۔

سعد حریری ،امریکہ، فرانس اور ترکی کے راہنماؤں کے ساتھ ملک کے سیاسی بحران پر صلاح مشورے کے بعد جمعے کے روز بیروت واپس پہنچے تھے۔

مسٹر حریری نے واشنگٹن میں بدھ کے روز صدر براک اوباما سے ملاقات کی تھی اور اسی روز حزب اللہ نے ان کی کابینہ سے علیحدگی اختیار کر کے ان کے اقتدار کا خاتمہ کردیاتھا۔

حزب اللہ کے ارکان پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ کے تحت 2005ء میں سابق لبنانی وزیر اعظم رفیق حریری کے قتل کی، جو موجودہ وزیر اعظم کے والد تھے، تحقیقات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزارتوں سے استعفیٰ دیاتھا۔

میڈیا کی خبروں میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی ٹریبونل قتل میں حزب اللہ کے ملوث ہونے کی جانب اشارہ کرسکتا ہے۔ حزب اللہ اس قتل میں ملوث ہونے سے انکار کرتی ہے۔

XS
SM
MD
LG