رسائی کے لنکس

’حزب اللہ ہریری کی حمایت نہیں کرے گا‘


’حزب اللہ ہریری کی حمایت نہیں کرے گا‘
’حزب اللہ ہریری کی حمایت نہیں کرے گا‘

لبنان میں حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ نے اتوار ایک ٹیلی ویژن پر اپنے بیان میں کہا کہ ان کی جماعت نے متفقہ طور پر سعد ہریری کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لبنان میں حزب اختلاف کی شیعہ جماعت حزب اللہ نے کہا ہے کہ وہ نگران وزیر اعظم سعد ہریری کی نئی حکومت بنانے کی کوششوں کی حمایت نہیں کرے گی۔

لبنان میں حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ نے اتوار ایک ٹیلی ویژن پر اپنے بیان میں کہا کہ ان کی جماعت نے متفقہ طور پر سعد ہریری کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ حکومت سازی میں ان کی جماعت کس کی حمایت کرے گی۔

نصراللہ نے ہریری پر ان کی جماعت کے ساتھ کئے جانے والے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایسا امریکہ اور اسرائیل کے دباؤ میں آکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں نے معاہدہ کیا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کی زیر نگرانی سابق وزیراعظم رفیق ہریری کے قتل میں کی جانے والی تحقیقات کو مسترد کریں گے۔

چند روز پہلے لبنان میں اس وقت سیاسی بحران پیدا ہو گیا جب حزب اللہ نے حکومت کے ساتھ اپنا اتحاد ختم کر دیا اور اس کے تمام وزرا اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے۔

توقع ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے بنایا گیا ٹرابیونل سابق وزیراعظم رفیق ہریری کے قتل میں کی جانے والی تحقیقات کے نتایج جلد ہی سامنے لے آئے گا۔ قیاس ہے کہ حزب اللہ کے اراکین کو اس قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ حزب اللہ کے رہنما نصراللہ کہتے ہیں کہ ٹرابیونل کے ممکنہ نتائج جھوٹے شواہد پر مبنی ہیں اور ان کی جماعت پرسیاسی حملہ ہے۔

لبنان کے صدر پیر سے نئی حکومت بنانے کی کوشش کریں گے۔ ملک کے آئین کے مطابق صرف سنی مسلمان ہی وزیر اعظم بن سکتا ہے۔

شام، ترکی اور قظر کے رہنما لبنان کی صورتحال پر بات چیت کے لئے پیر کو دمشق میں ملاقات کر رہے ہیں۔

دریں اثنا شام کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال ہونے کے بعد شام کے لئے امریکہ کے نئے سفیر رابرٹ فورڈ بھی اتوار کو دمشق پہنچے ہیں۔سن 2005میں بیروت میں رفیق ہریری کے قتل کے بعد امریکہ نے دمشق کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کر کے اپنا سفیر واپس بلا لیا تھا۔

XS
SM
MD
LG