رسائی کے لنکس

لیبیا میں صحافیوں کی رہائی


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

فرانسیسی خبررساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے کہا ہے کہ لیبیا کے رہنما معمر قذافی کی وفادار فورسز نے حراست میں لیے گئے اس کے دو صحافیوں اور اُن کے ساتھی فوٹوگرافر کو رہا کر دیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق رپورٹر ڈیو کلارک، فوٹو گرافر رابرٹو شمیڈ اور ’گیٹی امیجز‘ کے فوٹوگرافر جو ریڈل کو بدھ کی صبح لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں رہا کیا گیا۔

جمعہ کی شب لاپتا ہونے سے قبل ان صحافیوں نے ایک ای میل میں کہا تھا کہ وہ معمر قذافی کی حامی فورسز اور باغیوں کے درمیان لڑائی پر رپورٹنگ کے لیے مشرقی شہر تبروک سے 35 کلومیٹر دور علاقے میں جا رہے ہیں۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی نے تینوں صحافیوں کے ڈرائیور کے حوالے سے کہا ہے کہ اُنھیں مسٹر قذافی کے وفادار فوجیوں نے تحویل میں لیا تھا۔

ادارے کے مطابق معمر قذافی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ صحافیوں کو اے ایف پی کے چیئرمین ایمنیول ہوگ کی طرف سے کی گئی اپیل کے بعد رہا کیا گیا۔ ایمنیول ہوگ نے صحافیوں کی جلد رہائی پر لیبیا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

پیر کو لیبیا کی حکومت نے امریکی اخبار ’نیو یارک ٹائمز‘ کے چار صحافیوں کو ایک ہفتے بعد رہا کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG