رسائی کے لنکس

لیبیا: آزادی کا باضابطہ اعلان اتوار کو ہوگا


لیبیا: آزادی کا باضابطہ اعلان اتوار کو ہوگا
لیبیا: آزادی کا باضابطہ اعلان اتوار کو ہوگا

اِس لمحے کے حصول میں آٹھ ماہ کا عرصہ لگا، جب احتجاجی مظاہرین نے بغاوت کا آغاز کیا جو بالآخر 42سالہ آمرانہ دور کے خاتمے پرمنتج ہوا

لیبیا کے عبوری راہنماؤں نے طے کیا ہے کہ اتوار کے روز ایک تقریب منعقد ہوگی جِس میں انقلاب میں کامیابی کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، جس میں معمر قذافی کو اقتدار سے ہٹایا گیا اور بعد ازاں ہلاک کیا گیا۔

یہ تقریب این ٹی سی کے جنگجوؤں کے ہیڈکوارٹرز والے شہر، بن غازی میں منعقد ہوگی اوراِس موقع پر ملک بھر میں خوشیاں منائی جائیں گی۔
ہفتے کی رات طرابلس کے متعدد حصوں میں جشن کا سا سماں تھا، جِس میں لوگ انقلاب میں کامیابی کے باضابطہ اعلان کےمنتظر تھے۔

اِس لمحے کے حصول میں آٹھ ماہ کا عرصہ لگا، جب احتجاجی مظاہرین نے بغاوت کا آغاز کیا جو بالآخر 42سالہ آمرانہ دور کے خاتمے پرمنتج ہوا۔

تیونس کی سرحد کے ساتھ، ’راس اجدار‘ نامی گزرگاہ کے مقام پر بچوں سے بھری موٹرگاڑیاں آجارہی تھیں، جِن کے اوپر لیبیاکے جھنڈے لہرا رہے تھے، جب کہ ملک بدر ہونے والے خاندان خوشیوں میں شریک ہونے کی غرض سے ملک لوٹ رہے تھے۔

لیبیا کا پرانا سُرخ، سبز اور سیاہ رنگ کا جھنڈا، جسے قومی عبوری کونسل نے از سرِ نو اختیار کیا ہے، ہر طرف لہرا رہا تھا۔
تین ماہ کے بعد انقلاب میں کامیابی کے باضابطہ اعلان سے انتخابات منعقد کرانے کے عمل کی طرف بڑھنے، نئے آئین کی تیاری اور نئی حکومت تشکیل دینے کے مرحلے کا آغاز ہوگا۔

یہ تقریب ایسے وقت ہوگی جب تین روز قبل قذافی کو اُن کے آبائی قصبے، سرت کے قریب متنازعہ حالات میں ہلاک کیا گیا، ایسے میں جب این ٹی سی کے جنگجو قذافی کے آخری مضبوط گڑھ میں اُن کے حامیوں کے خلاف چڑھ دوڑے۔ ایسے میں، بین الاقوامی مطالبے سامنے آئے ہیں جِن میں سابق لیڈر کی ہلاکت کےحالات کی چھان بین پر زور دیا گیا ہے۔

بظاہر وہ ایک قافلے کی صورت میں سفر کر رہے تھے جب اُن پر نیٹو کی طرف سے ایک فضائی حملہ ہوا۔
این ٹی سی کے جنگجوؤں کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد وہ اُنھیں نکاسی آب کے ایک نالے میں چھپے ہوئے ملے۔ سیل فون وڈیوز میں اُنھیں زخمی لیکن زندہ دکھایا گیا ہے۔ تاہم، مقامی اسپتال پہنچنے پہنچتے اُن کا دم ٹوٹ چکا تھا، جِس بات سے اِس تشویش نے جنم لیا کہ کہیں اُن کو این ٹی سی کے جنگجوؤں نے پھانسی پر لٹکا نہ دیا ہو، یا پھر ممکنہ طور پر دانستہ یا اتفاقیہ طور پر اُنھیں مار مار کر ہلاک نہ کردیا گیا ہو۔
بعد ازاں، اُن کی نعش کو مصراتہ کے ایک ذبیحہ خانے کے فریزر میں دیدار کے لیے رکھا گیا، جہاں اُن کے مسرور مخالفین اُن کی لاش کو دیکھ رہے تھے اور اُس کے سامنے تصاویرکھچوا رہے تھے۔ این ٹی سی کے جنگجوؤں کے حامیوں نے مصراتہ کی کھلی فضہ میں ٹوٹے ہوئے مجسموں اور دیگر نوادرات کی نمائش کا اہتمام بھی کیا۔

منتظمیں میں سے ایک، عبدل الباسط الحداد کا کہنا تھا کہ نمائش سے قذافی کے دور کے مظالم کی منظر کشی کی گئی، جب ایک ہی پارٹی کی حکمرانی کا خاتمہ لایا گیا، جس کے بعد، اب لیبیا کے لوگ ’اپنی نئی زندگی کا آغاز‘ کرسکیں گے۔

لیبیا میں قذافی کےناقابلِ اعتبار اور اکثر و بیشتر ظالمانہ دور کا آغاز 1969ء میں حکومت کا تختہ الٹنے سے ہوا، جِس میں حالیہ انقلاب نے دراڑیں ڈال دیں اور آخرِ کار اگست میں قذافی کے آمرانہ دور کا خاتمہ اُس وقت قریب آیا جب وہ اپنے دارالحکومت سے فرار ہوا۔

نیٹو اتحاد نے، جِس نے قذافی فورسز کو ناکارہ بنانے اور شہری آبادی کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سات ماہ سے بم باری کا سلسلہ جاری رکھا، کا کہنا ہے کہ جمعرات کو سَرت کے قریب اُن کے طیاروں نے 11مسلح گاڑیوں کے ایک قافلے کو ہدف بنایا ، جس روز قذافی ہلاک ہوا۔

نیٹو کا کہنا ہے کہ اُس کے طیارے جمعے کو دوبارہ فضا میں بلند ہوئے،لیکن اِس بار، یہ پروزایں، بظاہرجائزے کی غرض سے کی گئیں۔ تاہم ، اِن فضائی پروازوں کے دوران حملے نہیں کیے گئے۔ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ 31اکتوبر کو نیٹو مشن کی باقاعدہ تکمیل کا اعلان ہوگا۔

XS
SM
MD
LG