رسائی کے لنکس

لیبیا کی فضائیہ ناکارہ ہوچکی ہے: امریکی فوجی ذرائع


لیبیا کی فضائیہ ناکارہ ہوچکی ہے: امریکی فوجی ذرائع
لیبیا کی فضائیہ ناکارہ ہوچکی ہے: امریکی فوجی ذرائع

ریئر ایڈمرل ہوبر نے کہا کہ مشن کا مقصد لیبیا ئی لیڈر کو ہٹانا نہیں، بلکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اُن تک امداد پہنچانا ہے

بدھ کے روز امریکی فوج کے ایک اعلیٰ عہدے دارنے بتایا کہ معلوم ہوتا ہے لیبیا پر اتحادی حملوں کے نتیجے میں ملک کی فضائی فوج ناکارہ ہو چکی ہے جب کہ شہری آبادی کوپہنچنے والے کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ملی۔

جوائنٹ ٹاسک فورس ’اوڈیسی ڈان‘ کے چیف آف اسٹاف، ریئر ایڈمرل جیرالڈ ہوبر نے یہ بات بحیرہٴ روم میں لنگر انداز’ یو ایس ایس ماؤنٹ وِٹنی‘ بحری بیڑے سے پینٹگان میں موجود اخبار نویسوں سےبراہِ راست گفتگو میں کہی۔

اُنھوں نے کہا کہ اتحادی افواج کےطیاروں نے بدھ کی صبح تک ختم ہونے والے 24گھنٹوں کے دوران 175پروازیں مکمل کیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ پروازوں پر مامور امریکی طیاروں کا اوسط اب آدھے سے بھی کم یا 63پروازوں تک محدود ہو کررہ گیا ہے۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ، نتیجاً، اب لیبیا کے پاس کارروائی کے قابل فضائی قوت باقی نہیں رہی۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ فضائی مہم کےنتیجے میں سولین ہلاکتوں کے بارے میں کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔

ہوبر کا کہنا تھا کہ اتحادی افواج اب ٹینکوں، توپ خانے، راکٹ لانچرز کو ہدف بنا رہی ہیں جب کہ حملوں کا رخ مغرب میں واقع اجیبیہ اور مسراتا کے شہروں کی طرف کیا گیا ہے۔ ہوبر نے کہا کہ اِس بات کے کوئی شواہد موجود نہیں کہ لیبیا کے لیڈر کرنل معمر قذافی کی حامی افواج نے شہری آبادیوں پر حملےکرنا بند کردیے ہوں، جیسا کہ نو فلائی زون قائم کرنے سے متعلق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد میں کہا گیا ہے۔

ہوبر نے کہا کہ مشن کا مقصد لیبیا ئی لیڈر کو ہٹانا نہیں، بلکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اُن تک امداد پہنچانا ہے۔

قاہرہ میں امریکی وزیرِدفاع رابرٹ گیٹس نے اپنےمحتاط بیان میں کہا کہ قذافی کی فضائی افواج پر کیے جانے والے حملوں کےبعد ہوسکتا ہےکہ اپوزیشن کے لڑاکا لوگ جنھیں حالیہ دنوں میں کافی نقصان پهنچا ہے اب نئے سرے سے اکٹھا ہونے کی کوششیں کررہے ہوں۔
گیٹس نے کہا کہ امریکہ اب بھی لیبیا پر حملوں کا کلیدی کردار اپنے اتحادیوں کے حوالے کرنے کا خواہشمند ہے۔

XS
SM
MD
LG