رسائی کے لنکس

بدلتے موسم کے ساتھ بدلے پہناوے


website screen shot
website screen shot

پاکستان کی لان برانڈز میں بڑی کمپنیاں اور ٹیکسٹائل ملز اپنی جگہ مگر چھوٹے پیمانے پر بھی کئی برانڈز کی لان مارکیٹ میں عام ہیں۔


جیسے ہی موسم بدلا پاکستان میں بسنے والوں کے لائف اسٹائل میں بھی تبدیلی آگئی۔ سردی ختم ہوتے ہی گرم کپڑوں کو کہہ دیا الوداع اور ہلکے پھلکے کپڑوں کو کہا جارہا ہے خوش آمدید۔ ۔

پاکستان میں بہار کا موسم آتے ہی سردی جیسے لوٹ ہی جاتی ہے سورج بھی گرمی دکھانے لگتا ہے اور دھوپ کی تمازت بھی تیز ہوجاتی ہے ایسے میں ٹھنڈے اور ہلکے پھلکے خوش رنگ کپڑے صرف آنکھوں کو ہی نہیں بھاتے بلکہ پہننے والے کو بھی ایک نیا روپ دیتے ہیں ۔موسم کے اعتبار سے کپڑوں کا چناؤ، فیشن اوررنگوں کو سامنے رکھ کر کیا جائے تو یہ شخصیت کو چار چاند لگادیتا ہے۔

گرمی کا موسم خواتین کے لان کے سوٹ کے بنا ادھورا ہے۔ بہار کے موسم کے ساتھ پاکستان میں لان سیزن کی شروعات ہوگئی ہے۔


پاکستان میں مختلف برانڈز کی لان:
پاکستان میں مختلف برانڈز کی لان مارکیٹ میں لانچ کردی گئی ہے۔ پاکستانی ڈیزائنرز،ٹیکسٹائل کمپنیوں کی جانب سے دیدہ زیب ڈیزائنز کی لان کے سوٹ کی بہار کا موسم بھی شروع ہوگیا ہے۔ ہر سال یہ کمپنیاں لان کے کاروبار سے خوب منافع کماتی ہیں۔ نامی گرامی لان برانڈز کمپنیوں کی جانب سے لان کے ڈیزائن متعارف کروانے کے لیے نمائشوں کا بھی انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔ پاکستان کی لان برانڈز میں بڑی کمپنیاں اور ٹیکسٹائل ملز اپنی جگہ مگر چھوٹے پیمانے پر بھی کئی برانڈز کی لان فیبرک مارکیٹ میں عام ہیں۔

برانڈڈ سوٹ کی قیمت عام لان سوٹ سے زیادہ:

لان کے برانڈڈ سوٹ کی بات کی جائے تو مارکیٹ میں بڑے اور مشہور برانڈ کی لان کے سوٹ کی قیمت ہزاروں میں ہے۔عام سے لان کے سوٹ کی قیمت3 ہزار سے لے کر 9 ہزار تک ہے جس کے لئے امیر طبقے کی خواتین کے پاس تو اسکی قوت خرید ہے مگر متوسط اور غریب طبقے کی خواتین ان قیمتوں کے باعث ان شوروم کا رخ نہیں کرتیں۔

گل احمد ٹیکسٹائل کمپنی کے مارکیٹنگ ایگزیکٹو سمیر قریشی نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ ’’لان کے برانڈڈ سوٹ کی قیمت زیادہ ہونا اس کے معیاری ہونے کی ضمانت دیتا ہے۔ اگر مہنگی لان ہے تو اس کی کوالٹی بھی اسی معیار کے مطابق رکھی جاتی ہے۔ ‘‘
خواتین کو سستی لان کی تلاش:
برانڈڈ لان کا معیار اپنی جگہ مگر صرف عام سا لان کا سوٹ ہزاروں روپے میں خریدنا متوسط اور غریب طبقے کی خواتین کے بس کی بات نہیں ایسے میں خواتین کی بڑی تعداد مناسب داموں کی لان کے سوٹ خریدنے کو ترجیح دیتی ہے۔

لان کے برانڈز کےاشتہارات کی بھرمار:
لان کا سیزن شروع ہوتے ہی اشتہار بنانےوالی کمپنیوں کی بھی چاندی ہوگئی ہے۔ پاکستانی ٹیلیویژن پر مختلف برانڈ کے لان کے سوٹ کے اشتہارات دکھائے جارہے ہیں جن میں ماڈلز کو لان کے سوٹ زیب تک کئے دکھایا گیا ہے۔یہ اشتہارات صرف ٹی وی تک ہی محدود نہیں بلکہ شہر کی ہر بڑی سڑک پر لگے قدآور ہورڈنگ پر بھی بڑے بڑے لان کے اشتہارات آویزاں ہیں دوسری جانب مختلف میگزین اور اخبارات میں بھی لان کے برانڈڈ سوٹ کے اشتہار چھاپے جارہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG