رسائی کے لنکس

بھارت: آسمانی بجلی گرنے سے 11 افراد ہلاک


فائل
فائل

بھارت کی ریاست بہار میں مئی سے اب تک آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 140 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

بھارت کی مشرقی ریاست اڑیسہ میں آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 11 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعہ اتوار کو ریاست اڑیسہ کے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں ایک کھیت میں کام کرنے والے افراد آسمانی بجلی کی زد میں آگئے۔

ریاست میں قدرتی آفات سے نبٹنے کے ادارے کے سربراہ اے کے داس نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ واقعے میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔

اڑیسہ بھی بھارت کی ان 20 ریاستوں میں شامل ہے جو حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

بھارت کی کئی ریاستوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے اب تک 700 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ ہزاروں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

سیلاب سے کئی ریاستوں میں سڑکیں اور دیہات زیرِ آب آگئے ہیں جب کہ بجلی کی ترسیل کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات بھی بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثر ہوئی ہے جہاں اب تک 213 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

بھارت کی ایک اور مغربی ریاست مغربی بنگال میں حکام کے مطابق صرف گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بارشوں کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں ریاست میں 31 افراد کی جانیں گئی ہیں۔

بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں ارونا چل پردیش اور آسام میں اپریل سے اب تک سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے درجنوں افراد مارے جاچکے ہیں۔

جھاڑکھنڈ اور بہار کی مشرقی ریاستیں بھی بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثر ہوئی ہیں اور صرف بہار میں مئی سے اب تک آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 140 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG