رسائی کے لنکس

ادکارہ لنڈسے لوہن کی اسلام کے مطالعے میں دلچسپی


انھوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں قرآن تھامنے کو ایک مختلف انداز میں دیکھا گیا ہے جبکہ ایسا کچھ بھی نہیں تھا۔

اداکارہ لنڈسے لوہن جب نیویارک میں قرآن پاک کے ایک نسخے کو تھامے ہوئے منظر عام پر آئی تھیں تو ان کی تصاویر اخبارات کی شہ سرخی بن گئی تھی جس سے ان قیاس آرائیوں کو بھی ہوا ملی تھی کہ کیا انھوں نے اسلام قبول کر لیا ہے۔

روزنامہ سن کی خبر کے مطابق قبول اسلام کی قیاس آرائیوں پر لنڈسے لوہن نے مکمل خاموشی اختیار کر نے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اب انھوں نے ان تصویروں کے بارے میں پہلی مرتبہ بات کی ہے اور اس حوالے سے گفتگو کی ہے کہ کیا وہ قبول اسلام کا ارادہ رکھتی ہیں؟

لنڈسے لوہن نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اسلام کا مطالعہ کر رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میں اپنا رجحان روحانیت کی طرف محسوس کرتی ہوں اور میں سیکھنے کے معاملے میں کھلے دل کی مالک ہوں۔

انھوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں قرآن تھامنے کو ایک مختلف انداز میں دیکھا گیا ہے جبکہ ایسا کچھ بھی نہیں تھا۔

لنڈسے کے مطابق ہم سب کسی ناکسی عقیدے کے ماننے والے ہیں اور یہ تمام عقیدے آخر میں خدا کی ذات سے جڑ جاتے ہیں۔

لنڈسے کے علاوہ ان کی چھوٹی بہن علی لوہن کیتھولک سے بدھ مت اختیار کر چکی ہے۔

لنڈسے کہتی ہیں کہ ہم سب لوگ ملتے جلتے عقائد رکھتے ہیں اگرچہ، میری بہن بدھ مت کی ماننے والی ہے لیکن وہ اب بھی مجھ سے دوسری چیزیں سیکھنے میں دلچسپی لیتی ہے اور کھلے دماغ کا ہونا تو اچھی بات ہوتی ہے۔

لنڈسے نے بتایا کہ میں نے ابھی تک قرآن کا مکمل مطالعہ نہیں کیا ہے۔

انھوں نے سوال کیا کہ کیا کوئی جانتا ہے کہ اس مقدس کتاب کے مطالعے میں کتنا وقت لگ سکتا ہے اور اس سوال کا جواب میں انھوں نےخود ہی بتایا کہ قرآن کو سمجھنے کے لیے طویل وقت درکار ہوتا ہے۔

قرآن کے ساتھ ان کی تصویر اسوقت منظر عام پر آئی تھی جب وہ ایک عدالتی حکم کے مطابق بروک لین میں بچوں کے ایک مرکز میں سماجی خدمات انجام دے رہی تھیں، جہاں انھیں پہلے ہی روز انگریزی ترجمے والے قرآن پاک کا ایک نسخہ تھامے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

لنڈسے نےپچھلے چند سالوں کے دوران کافی مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ انھیں شراب نوشی اور منشیات کےحوالے سے مقدمات کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔

نشے کی حالت مین ڈرائیونگ کرنے پر انھیں نوئے روز جیل کی سزا کاٹنی پڑنی تھی۔ اس کے علاوہ 2012 میں لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے پر اُنھیں عدالت نے 125گھنٹوں کی سماجی خدمات کی انجام دہی کی سزا سنائی تھی۔

لنڈسے آئرش اور اطالوی پس منظر سے تعلق رکھتی ہیں وہ کیتھولک ماحول میں پل کر جوان ہوئی ہیں لیکن، ان کا رجحان یہودیت اور بدھ مت کی طرف بھی رہا ہے تاہم اب انھوں نے اسلام کے مطالعے میں سنجیدگی ظاہر کی ہے۔

XS
SM
MD
LG