رسائی کے لنکس

سندھ اور پنجاب میں انتخابی مہم ختم، 45 لاکھ بیلٹ پیپرز تیار


پنجاب کے جن اضلاع میں 31 اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی ان میں لودھراں، وہاڑی، اوکاڑہ، پاک پتن، بہاول نگر، فیصل آباد، بھکر، لاہور، قصور، ننکانہ صاحب، گجرات اور چکوال شامل ہیں۔ یہاں ووٹرز کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 66 ہزار سے زائدہے جبکہ 40 ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں

پاکستان کے دو صوبوں سندھ اور پنجاب میں ہفتہ 31 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے لئے کئی ہفتوں سے جاری انتخابی مہم جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب بارہ بجتے ہی ختم ہوگئی۔

انتخابی مہم کے ختم ہوجانے کے ساتھ ہی اب کوئی بھی امیدوار ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لئے کارنر میٹنگ، جلسہ یا جلوس منعقد نہیں کرسکے گا۔ عموماً ایک دن کا حتمی وقت ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی سوچ سمجھ کر استعمال کرنے کے لئے دیا جاتا ہے۔

انتخابی مہم بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے لئے چلائی گئی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق، اس مرحلے میں سندھ کے8 اور پنجاب کے 12 اضلاع میں ہفتے کو ووٹ ڈالے جائیں گے، جس کے لئے پولنگ انتظامات مکمل ہوگئے۔

پینتالیس لاکھ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام مکمل کرکے انہیں تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ انتخابی سامان جمعہ کو پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کردیا جائے گا۔

پنجاب کے جن اضلاع میں 31 اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی ان میں لودھراں، وہاڑی، اوکاڑہ، پاک پتن، بہاول نگر، فیصل آباد، بھکر، لاہور، قصور، ننکانہ صاحب، گجرات اور چکوال شامل ہیں۔ یہاں ووٹرز کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 66 ہزار سے زائد ہے جبکہ 40ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ ان اضلاع میں 16ہزار 266 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب سندھ کے جن آٹھ اضلاع میں پولنگ ہوگی ان میں سکھر، گھوٹکی، خیرپور، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد، کشمور کندھ کوٹ اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں۔ یہاں ووٹرز کی کل تعداد 42 لاکھ سے زائدہے ۔یہاں بھی 10 ہزار سے زائد امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔

XS
SM
MD
LG