رسائی کے لنکس

لندن: چار ملزمان کا دہشت گردی کی سازش کا اعتراف


لندن: چار ملزمان کا دہشت گردی کی سازش کا اعتراف
لندن: چار ملزمان کا دہشت گردی کی سازش کا اعتراف

برطانیہ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں ایک برس قبل حراست میں لیے گئے چار ملزمان نے لندن اسٹاک ایکسچینج اور دیگر تنصیبات کو بم حملوں کا نشانہ بنانے کی سازش تیار کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔

چاروں ملزمان ان نو افراد میں شامل ہیں جنہیں دسمبر 2010ء میں حراست میں لیا گیا تھا اور ان کا اعترافِ جرم ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کے خلاف ڈاک کے ذریعے بم ارسال کرنے کی سازش کے الزام میں مقدمے کی کاروائی جاری ہے۔

قبل ازیں تمام گرفتار شدگان نے خود پر عائد الزامات کی صحت سے انکار کیا تھا تاہم چار ملزمان نے بدھ کو اسٹاک ایکسچینج پہ بم حملے کی سازش تیار کرنے کے جرم کا اعتراف کرلیا۔ باقی ماندہ پانچ ملزمان کے خلاف کم تر درجے کے الزامات میں مقدمہ چلایا جائے گا۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کا القاعدہ سے تعلق نہیں تاہم وہ عالمی دہشت گرد تنظیم اور خاص طور پر تنظیم کی یمن شاخ سے منسلک امریکی نژاد مبلغ انور الاولکی سے متاثر تھے۔ الاولکی گزشتہ برس یمن میں ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا تھا۔

استغاثہ کے بقول تمام نو ملزمان نے اپنی سازش 'القاعدہ ان عریبین پینی سولا' کی شائع شدہ حکمتِ عملی کی روشنی میں تیار کی تھی۔

ملزمان میں سے ایک کے گھر سے برآمد ہونے والی مجوزہ اہداف کی ہاتھ سے تحریر شدہ ایک فہرست میں لندن کے میئر، دو یہودی ربیوں، برطانیہ میں امریکی سفارت خانے اور اسٹاک ایکسچینج کے نام اور پتے درج ہیں۔

ملزمان کے خلاف عدالتی فیصلے کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG