رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ کی مشیر کیلئن کونوے عہدے سے مستعفی


کیلئن کونوے (فائل فوٹو)
کیلئن کونوے (فائل فوٹو)

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دیرینہ مشیر اور 2016 میں صدارتی مہم کی منیجر کیلئن کونوے نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں ماہ کے اختتام پر اپنا عہدہ چھوڑ دیں گی۔

تریپن سالہ کیلئن نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ رواں ماہ کے اختتام تک وائٹ ہاؤس چھوڑ دیں گی۔

کیلئن 2016 کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران بھی اُن کے اہم مشیروں میں شامل تھیں، تاہم کونوے کے شوہر اور وکیل جارج کونوے کا شمار صدر ٹرمپ کے بڑے ناقدین میں ہوتا ہے۔

کیلئن کا شمار صدر ٹرمپ کے قریبی مشیروں میں ہوتا ہے اور وہ گزشتہ چار سال سے ٹاک شوز میں صدر کی پالیسیوں کا دفاع کرتی رہی ہیں۔

اپنے بیان میں کیلئن کا مزید کہنا تھا کہ "وہ جانتی ہیں کہ وہ اور اُن کے شوہر بعض معاملات پر اختلاف رائے رکھتے ہیں، تاہم ہم دونوں نے بچوں کی خاطر اہم فیصلے کرنے پر اتفاق کیا ہے۔"

کیلئن کا کہنا تھا کہ جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ دنیا میں لاکھوں بچے گھر سے آن لائن تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ایسے میں اُنہیں زیادہ توجہ اور والدین کے تعاون کی ضرورت ہے۔

کیلئن کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل اُن کی 15 سالہ بیٹی نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ "اُنہیں یہ سوچ کر برا لگ رہا ہے کہ اُن کی والدہ ری پبلکن کنونشن سے خطاب کریں گی۔"

دوسری جانب کیلئن کے شوہر جارج کونوے نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ ٹرمپ مخالف ری پبلکن رہنماؤں کے ایک گروپ سے الگ ہو جائیں گے جس کا مقصد صدر ٹرمپ کے دوبارہ انتخاب کا راستہ روکنا ہے۔

جارج کونوے نے اعلان کیا کہ اب وہ ٹوئٹر پر بھی زیادہ متحرک نہیں رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG