امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی شہر لاس اینجلس میں ایک عمارت سے پانچ لاشوں کو برآمد کیا گیا ہے جس کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ اسے جان بوجھ کر آگ لگائی گئی۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ دو منزلہ عمارت غیر آباد تھی، تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ یہاں کئی بے گھر افراد مقیم تھے۔
شہر کے آگ بجھانے والے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جلنے والی عمارت سے ایک لاش پیر کو برآمد کی گئی جبکہ چار مزید لاشیں منگل کو برآمد ہوئیں کیوکہ یہ عمارت اتنی مخدوش حالت میں تھی کہ تلاش کا کام فوری طور پر مکمل نا ہو سکا۔
پولیس نے جانی سانچیز نامی ایک 21 سالہ مشتبہ شخص کو حراست میں لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عمارت کے دیگر مکینوں کے ساتھ جھگڑے کے بعد اس نے مبینہ طور پر جان بوجھ کرعمارت کو آگ لگا دی۔
لاس اینجلس کے محکمہ پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار بلی ہیز نے کہا کہ "اس نے ان افراد کو ہلاک کرنے کے ارادے سے آگ لگائی تھی یا کم از کم (وہ) ایک شخص کو ہلاک کرنا چاہتا تھا۔"
وسطی لاس اینجلس سے دو کلومیٹر سے کم فاصلے پر واقع ویسٹ لیک کے علاقے میں پیر کی رات 147 فائر فائٹروں کو اس آگ پر قابو پانے میں دو گھنٹوں سے زائد کا وقت لگا۔