رسائی کے لنکس

لوکا موڈرچ نے 'فیفا پلیئر آف دی ایئر' ایوارڈ جیت لیا


بیسٹ پلیئر کے ایوارڈز حاصل کرنے والے لوکا موڈرچ اور مارتا
بیسٹ پلیئر کے ایوارڈز حاصل کرنے والے لوکا موڈرچ اور مارتا

سن 2007ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ارجنٹینا کے لیونل میسی اور پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کے علاوہ کسی اور کھلاڑی نے یہ ایوارڈ جیتا ہے۔

کروئیشیا کی قومی ٹیم کے کپتان اور فٹ بال کلب ریال میڈرڈ کے اسٹار فٹ بالر لوکا موڈرچ نے ’فیفا پلیئر آف دی ایئر' کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔

خواتین کی کیٹیگری میں برازیل کی خاتون فٹ بالر مارتا چھٹی مرتبہ ’پلیئر آف دی ایئر‘ قرار پائی ہیں۔

موڈرچ کو رواں سال روس میں ہونے والے ورلڈ کپ میں بھی ’پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘ قرار دیا گیا تھا۔

لوکا موڈرچ نے فیفا ورلڈ کپ 2018ء میں رنر اپ رہنے والی کروئیشین ٹیم کی قیادت کی تھی جبکہ وہ چیمپئن لیگ کی فاتح ریال میڈرڈ کا بھی اہم حصہ تھے۔

سن 2007ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ارجنٹینا کے لیونل میسی اور پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کے علاوہ کسی اور کھلاڑی نے یہ ایوارڈ جیتا ہے۔

’فیفا بیسٹ پلیئر آف دی ایئر‘ کے لیے گزشتہ برس کے پلیئر آف دی ایئر کرسٹیانو رونالڈو، کروشیا کے لوکا موڈرچ اور مصر کے محمد صلاح کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا۔

اسٹار فٹ بالر لیونل میسی فائنل تھری میں جگہ بنانے میں ناکام رہے تھے۔

پیر کی شب لندن میں ہونے والی تقریب میں انگلش پریمیئر لیگ کے دوران لیور پول کے محمد صلاح کے ایورٹن کے خلاف گول کو سال کا بہترین گول قرار دیا گیا۔ بہترین گول کیپر کا ایوارڈ بیلجیم کے تھیباؤ کورٹیس کے نام رہا۔

ورلڈ کپ 2018ء میں بیلجیم کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

’بیسٹ کوچ آف دی ایئر‘ فرانس کے ڈیڈیئر ڈیشامپ قرار پائے۔ اُن کی کوچنگ میں فرانس کی ٹیم نے رواں سال ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔

’ویمنز بیسٹ کوچ آف دی ایئر‘ فرانس کے رینالڈ پیڈروس رہیں جب کہ برازیل کی خاتون فٹ بالر مارتا کو چھٹی مرتبہ ’پلیئر آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG