رسائی کے لنکس

logo-print

کوشش کے باوجود شاہ رخ کے معیار کو نہیں پہنچ سکی: ماہرہ


شاہ رخ خان کے ساتھ ایکٹنگ کرکے میں نے بہت کچھ سیکھا اور اس کا احساس مجھے پاکستانی فلم ’من ہو جہاں‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوا۔ حتیٰ کہ، فلم کے ڈائریکٹر عاصم رضا بھی میری ایکٹنگ میں آنے والی بہتری پر حیران تھے‘

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی نئی ہیروئن پاکستانی ایکٹر اور ماڈل ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کو شاندار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ساتھ کام کرکے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔

فلم ’رئیس‘ میں شاہ رخ خان کی بیوی کا رول ادا کرنے والی ماہرہ خان نے بھارتی ٹی وی چینل این ڈٰی ٹی وی سے فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ’شاہ رخ خان کے ساتھ بالی وڈ کیرئیر کی شروعات میرے لئے بہت بڑی بات ہے۔ مجھے نہیں پتا جو بھارتی ایکٹر شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرتے ہیں وہ کیسا محسوس کرتے ہیں۔ لیکن، میرے لئے یہ ایک بالکل مختلف تجربہ تھا۔ شاہ رخ کے مقابل میں نے اپنی بہترین پرفارمنس دینے کی بھرپور کوشش کی۔ لیکن، ان کے معیارکو نہیں پہنچ سکی۔‘

ماہرہ نے تسلیم کیا کہ ’شاہ رخ خان کے ساتھ ایکٹنگ کرکے میں نے بہت کچھ سیکھا اور اس کا احساس مجھے پاکستانی فلم ’من ہو جہاں‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوا۔حتیٰ کہ فلم کے ڈائریکٹرعاصم رضا بھی میری ایکٹنگ میں آنے والی بہتری پرحیران تھے۔‘

بالی وڈ میں پہلی بار کام کرنا کیسا تجربہ رہا؟ اس بارے میں’ہمسفر‘ اور دیگر ہٹ ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کو منوانے والی ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ، ’بالی وڈ میں بہت پروفیشنل انداز میں کام ہوتا ہے۔کرئیو کے ہر فرد کو معلوم ہوتا ہے کہ اسے سیٹ پر کیا کرنا ہے۔ ڈائریکٹر تک پورا ہوم ورک مکمل کرکے سیٹ پر آتا ہے۔ شوٹنگ کے دوران کوئی سینئر،جونیئر نہیں ہوتا، بلکہ سب ہی اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے لئے اچھے سے اچھا کام کرنا چاہتے ہیں۔‘

ٹی وی سے فلم تک کے سفر کے بارے میں ماہرہ خان نے کہا کہ انہوں نے شوبز کیرئیر کی شروعات شعیب منصور کی فلم ’بول‘ سے کی تھی جس کے بعد ٹی وی کا رخ کیا۔

ماہرہ کے بقول، انہیں ٹی وی اور فلم میں بہت سی باتیں ایک جیسی لگتی ہیں۔ صرف ایک فرق یہ ہے کہ ٹی وی پر ایکڑ ہفتے میں ایک بار دکھائی دیتا ہے، جبکہ فلم میں شائقین پر اپنا اثر چھوڑنے کے لئے ایکٹر کے پاس صرف دو گھنٹے ہوتے ہیں۔

ماہرہ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’بن روئے‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں جس میں ان کے ساتھ ہمایوں سعید نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG