رسائی کے لنکس

ملالہ یوسفزئی کی طرف سے لاہور حملے کی مذمت


اپنے بیان میں انھوں کہا کہ ''لاہور میں معصوم افراد کے لایعنی قتل کے واقعے پر میں انتہائی غم ذدہ ہوں۔''

نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے لاہور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

برمنگھم میں رہائش پذیر اٹھارہ سالہ ملالہ یوسفزئی نے ٹوئٹر پر ایک تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

اس بیان میں انھوں نے کہا کہ ''لاہور میں معصوم افراد کے لایعنی قتل کے واقعے پر میں انتہائی غم زدہ ہوں۔''

''میری ہمدردیاں متاثرین کے اہل خانہ اور ان کے دوستوں کے ساتھ ہے''۔

انھوں نے مزید کہا کہ ''میں اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہوں اور ہم متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں''۔

ملالہ نے کہا کہ ''پاکستان اور دنیا کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ ہر انسانی زندگی قیمتی ہے جس کا احترام اور تحفظ ضروری ہے۔''

واضح رہے کہ اتوار کو لاہور کے گلشن پارک میں ہونے والے خود کش دھماکے کے نتیجے میں 70 سے زائد ہلاکتیں اور 300 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے تھے۔

پاکستان میں اس واقعہ پر تین روزہ قومی سوگ منایا جا رہا ہے اور تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں 27 مارچ کو ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ مجھے لاہور دھماکے کا سن کر صدمہ ہوا ہے۔

''میری ہمدردیاں متاثرین کے خاندانوں اور دوستوں کے ساتھ ہیں اور برطانیہ پاکستان کے لوگوں کی ہر ممکن طریقے سے مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔''

برطانوی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے قائد جیریمی کوربن نے ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ''میری ہمدردیاں لاہور میں ہولناک بم دھماکے کا نشانہ بننے والے خاندانوں اور ان کے دوستوں کے ساتھ ہیں''۔

لاہور حملے کی مذمت کرتے ہوئے برطانوی سیکریٹری خارجہ فلپ ہیمنڈ نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ میری ہمدردیاں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ برطانیہ تشدد کے ان واقعات کی شدید مذمت کرتا ہے اور ہم ان خوفناک واقعات کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد کرنے والوں کو شکست دینے کی کوششوں میں حکومت پاکستان سے تعاون اور اس کی مدد کو جاری رکھیں گے۔

XS
SM
MD
LG