رسائی کے لنکس

ملالہ یوسفزئی کی امتحانات میں شاندار کامیابی


ملالہ نے ریاضی کے دونوں پرچوں، بیالوجی، کیمسٹری، فزکس اور دینیات میں اے پلس جبکہ تاریخ، خغرافیہ، انگریزی زبان اور انگریزی ادب میں اے گریڈ حاصل کیا۔

نوبل امن انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کے او لیول کے امتحانات کا نتیجہ آ گیا ہے جس میں انہوں نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ نتیجے کے مطابق انہوں نے چھ مضامین میں اے پلس جبکہ چار مضامیں میں اے گریڈ حاصل کیا۔

ان کے والد ضیاالدین یوسفزئی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ملالہ کے نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری اہلیہ طور پکئی اور میں ملالہ کے چھ اے پلس اور چار اے لینے پر بہت فخر محسوس کر رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو تعلیم ملنی چاہیئے۔

نتیجے کی خبر آنے کے بعد ٹوئٹر پر ملالہ کے لیے مبارکباد کا سلسلہ شروع ہو گیا جس میں بے نظیر بھٹو کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو بھی شامل تھیں۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’’مجھے ابھی معلوم ہوا ہے کہ میری پیاری بہن ملالہ کا اولیول کا نتیجہ آ گیا ہے اور اس نے چھ اے پلس اور چار اے حاصل کیے ہیں۔‘‘ ساتھ انہوں نے انگریزی میں، ’’مجھے بہت فخر ہے‘‘ ’’تعلیم‘‘ اور ’’فخر پاکستان‘‘ کے ہیش ٹیگ استعمال کیے۔

تفصیلات کے مطابق ملالہ نے ریاضی کے دونوں پرچوں، بیالوجی، کیمسٹری، فزکس اور دینیات میں اے پلس جبکہ تاریخ، جغرافیہ، انگریزی زبان اور انگریزی ادب میں اے گریڈ حاصل کیا۔

برطانوی نظام تعلیم میں او لیول پاکستان کے میٹرک امتحان کے برابر ہوتا ہے۔

2012 میں ملالہ پر ہونے والے حملے کے بعد ان کی تعلیم کا سلسلہ رک گیا تھا تاہم ملالہ نے اٹھارہ سال کی عمر میں اپنا پہلا تعلیمی مرحلہ شاندار کارکردگی کے ساتھ عبور کر لیا ہے۔

پاکستان کے شمال مشرقی صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر سوات سے تعلق رکھنے والی ملالہ یوسفزئی کو لڑکیوں کی تعلیم کے لیے آواز اٹھانے پر طالبان نے 2012 میں سر میں گولی مار دی تھی۔

تاہم وہ اس حملے میں بچ گئیں اور صحتیاب ہونے کے بعد دنیا بھر میں بچوں کی تعلیم کے لیے کوشاں ہیں۔ انہیں گزشتہ سال سترہ برس کی عمر میں امن کے نوبل انعام سے نوازا گیا۔

XS
SM
MD
LG