رسائی کے لنکس

نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی آکسفرڈ سے تعلیم مکمل، ڈگری حاصل کرلی

چوبیس برس کی ملالہ یوسف زئی نے سوشل میڈیا پر اپنی گریجویشن کی تصاویر پوسٹ کیں جن میں انہیں اپنے شوہر، والدین اور دوستوں کے ساتھ خوشی مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔
چوبیس برس کی ملالہ یوسف زئی نے سوشل میڈیا پر اپنی گریجویشن کی تصاویر پوسٹ کیں جن میں انہیں اپنے شوہر، والدین اور دوستوں کے ساتھ خوشی مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔

نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسف زئی نے برطانیہ کی آکسفرڈ یونیورسٹی سے فلسفہ، سیاسیات اور معاشیات میں گریجویشن مکمل کر لی ہے۔

چوبیس برس کی ملالہ یوسف زئی نے سوشل میڈیا پر اپنی گریجویشن کی تصاویر پوسٹ کیں جن میں انہیں اپنے شوہر، والدین اور دوستوں کے ساتھ خوشی مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ملالہ کے شوہر عصر ملک نے آکسفرڈ یونیورسٹی کے حوالے سے اپنے سوشل میڈیا پر لکھا کہ یہ وہ جگہ ہے جہاں ہم پہلی مرتبہ ملے۔

اپنی بیوی کی اعلیٰ تعلیم کی تکمیل پر ان کا مزید کہنا تھا کہ ملالہ کی گریجویشن کے دن یہ اور اہم مقام بن گیا ہے۔

ملالہ کے والد ضیاالدین یوسف زئی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ ہمارے لیے خوشی اور شکر ادا کرنے کا موقع ہے۔

ملالہ یوسف زئی کی گریجویشن کی تقریب کا انعقاد مئی 2020 میں ہونا تھا البتہ کرونا وائرس کی وجہ سے یہ تقریب ملتوی کر دی گئی تھی۔

آکسفرڈ یونیورسٹی نے گریجویشن کی تقریبات اس برس ستمبر میں دوبارہ شروع کی تھیں اور جمعے کو ملالہ یوسف زئی نے اپنی گریجویشن کی تقریب میں شرکت کی۔

رپورٹس کے مطابق ملالہ نے گزشتہ برس آکسفرڈ سے گریجویشن کی ورچوئل تقریب میں شرکت کی تھی۔

اس تقریب کا نام ڈئیر کلاس آف 2020 تھا جس میں مشیل اوبامہ، بیونسے اور دوسرے ستاروں نے بھی شرکت کی تھی۔

اس تقریب میں ملالہ نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کرونا وائرس کے دوران جو کچھ ہم نے کھویا ہے ہمیں اس سے مایوس نہیں ہونا چاہیے بلکہ ہم کیسے اس پر ردِعمل دیتے ہیں یہ ہمارا تعارف ہونا چاہیے۔

حال ہی میں ملالہ یوسف زئی نے عصر ملک سے اپنی شادی کا اعلان کیا تھا اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے اپنے نکاح کی تقریب کی تصاویر شئیر کی تھیں۔

XS
SM
MD
LG