رسائی کے لنکس

چرچ پر حملوں میں ملوث 8 افراد گرفتار


ملائیشیا میں حکام نے عیسائیوں کی عبادت گاہوں یا چرچ پر اس ماہ کیے جانے والے حملوں میں ملوث آٹھ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان افراد پر کوالمپور کے مضافات میں میٹرو تابیمیکل ((Metro Tabemacle Church چرچ پر فائر بم کے حملے میں ملوث ہونے کا شبہ ہے جس میں عبادت گاہ کا گراؤنڈ فلور مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

تما م گرفتار شدگان مقامی باشندے ہیں اور ان کے عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ ان افراد کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب ان میں سے ایک نے اپنے جسم کے جلے ہوئے حصوں کے علاج کے لیے مقامی ہسپتال سے رجوع کیا۔

ملائیشیا میں تشددکی یہ کارروائیاں غیرمسلم اقلیتوں کوخدا کا ذکر کرتے وقت اللہ کا لفظ استعمال کرنے کی اجازت دینے کے عدالت کے ایک متنازع فیصلے کے بعد شروع ہوئیں۔ یہ مقدمہ ملک کے ایک رومن کیتھولک اخبار ”دی ہرالڈ“نے دائر کیا تھا جس میں عدالت سے روزنامے کے غیر انگریزی ایڈیشن میں لفظ ”اللہ“ استعمال کرنے کی اجازت مانگی گئی تھی۔

مقامی عدالت کے اس فیصلے نے ملک کی 60 فیصد مسلمان برادری کو مشتعل کر دیا اور اب تک ملائیشیا میں 11چرچوں، سکھوں کی ایک عبادت گاہ اور ایک مسجد پر حملے کیے جاچکے ہیں۔ ملائیشیا کی مجموعی آبادی دو کروڑ70 لاکھ سے زائد ہے اور بڑے اقلیتی گروپوں میں عیسائی، بدمت اور ہندو شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG