رسائی کے لنکس

وزیر کا بندر سے موازنہ ملنگا کو مہنگا پڑ گیا


لستھ ملنگا (فائل فوٹو)
لستھ ملنگا (فائل فوٹو)

سری لنکا کے فاسٹ باؤلر لستھ ملنگا کو ملک کے وزیر کھیل کا جانور سے موازنہ کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ ملنگا نے رواں ماہ کے اوائل میں انگلینڈ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اجازت میڈیا سے بات کی تھی۔

اس لیے ان پر ایک روزہ بین الاقومی میچ کے ایک کھیل کی پچاس فیصد فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

بورڈ کی طرف سے یہ کارروائی ملنگا کے اس بیان کے بعد سامنے آئی جس میں انھوں نے سری لنکا کے وزیر کھیل دیاسری جیاسکیرا کی طرف سے ٹیم کی کارکردگی پر کی گئی تنقید کے جواب میں کہا تھا کہ یہ بالکل ایسے ہی ہے "جیسے کوئی بندر، طوطے کے گھونسلے میں گھس آئے اور اس بارے میں بات کرے۔"

جیاسکیرا نے قومی ٹیم کے سیمی فائنل میں نہ پہنچنے پر تنقید کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی فٹنس پر سوال اٹھایا تھا۔

ملنگا کا کہنا تھا کہ کھلاڑی اپنے کھیل کے بارے میں بہتر طور پر جانتے ہیں۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے فاسٹ باؤلر کے اس بیان کے بعد ایک تین رکنی انضباطی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے منگل کو اپنے فیصلے میں ملنگا کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔

اسی اثنا میں سری لنکن بورڈ نے فیلڈنگ کوچ نک پوتھس کو ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔ ہیڈ کوچ گراہم فورڈ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے جس کے بعد یہ منصب خالی تھا۔

سری لنکا جمعے سے زمبابوے کے خلاف کرکٹ سیریز کی میزبانی کرنے جا رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ اور ایک ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG