رسائی کے لنکس

86 بیویوں کے شوہر بابا مسابا انتقال کر گئے


بابا مسابا (فائل فوٹو)

نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے ایک سابق مبلغ جن کی وجہ شہرت کثرت ازواج تھی، 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

الحاجی محمد ابوبکر المعروف بابا مسابا کا انتقال ہفتہ کو ریاست نائجر کے علاقے بیدا میں ان کے گھر پر ہوا اور بتایا جاتا ہے کہ وہ علیل تھے۔ تاہم ان کی بیماری کی تفصیل سامنے نہیں آسکی ہے۔

انھیں اتوار کو وہیں سپرد خاک کر دیا گیا۔

نائیجیریا کے قومی اخبار کے مطابق 2008ء میں ان کی بیویوں کی تعداد 86 تھی اور اسی بنا پر وہ دنیا کی توجہ کا مرکز بنے۔

لیکن حال ہی میں اخبار نے بتایا تھا کہ بابا مسابا کی بیویوں کی تعداد میں اضافہ ہوا جو کہ اب کم ازکم 130 بتائی جاتی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان میں سے چند ایک بیویاں امید سے بھی ہیں۔ بابا مسابا کے بچوں کی تعداد دو سو سے زائد ہے۔

2008ء میں برطانوی نشریاتی ادارے "بی بی سی" نے ان کا اور ان کے اہل خانہ کا انٹرویو کیا تھا جس میں بابا مسابا نے اپنی شادیوں سے متعلق کہا تھا کہ "میں ان (خواتین) کے پیچھے نہیں جاتا، وہ میرے پاس آتی ہیں۔"

شائع شدہ اطلاعات کے مطابق بابا مسابا روحانی علاج کرتے تھے اور ان کی بیویوں میں اکثریت ان خواتین کی ہے جو کسی نہ کسی بیماری یا مسئلے کے حل کے لیے ان کے پاس آیا کرتی تھیں۔

نائیجیریا میں مذہبی حلقے بابا مسابا کے خاندان کو ایک فرقہ قرار دیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG