رسائی کے لنکس

برلن: امریکی سفارت خانے پر بم حملے کی دھمکی دینے والا گرفتار


برلن پولیس کے ایک ترجمان نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ مشتبہ شخص کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں۔

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں واقع امریکی سفارت خانے کے باہر تعینات محافظوں پر حملہ کرنے اور عمارت پر بم حملے کی دھمکی دینے والے شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

حکام کے مطابق 23 سالہ شخص ایک سوٹ کیس کے ہمراہ سفارت خانے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا جس نے محافظوں کے روکنے پر ان کے ساتھ ہاتھا پائی کی۔

سفارت خانے کے محافظوں کی شکایت پر پولیس نے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا جس نے حراست کے دوران پولیس کو بتایا کہ اس کے سوٹ کیس میں بم موجود ہے جو وہ سفارت خانے کے مرکزی دروازے کے باہر چھوڑ آیا ہے۔

بم کی اطلاع پر حکام نے سفارت خانے کے ارد گرد کا علاقہ خالی کرانے کے بعد سوٹ کیس کی تلاشی لی تو اس میں سے صرف ذاتی استعمال کی اشیا برآمد ہوئیں۔

برلن پولیس کے ایک ترجمان نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ مشتبہ شخص کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں۔

ترجمان کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے مشتبہ شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

XS
SM
MD
LG